کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی نے ایوانِ نمائندگان کو آگاہ کیا ہے کہ سندھ اسمبلی پر دہشت گردوں کے حملے کا خطرہ ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جمعے کے روز ہونے والے اسمبلی اجلاس کے دوران اسیپکر اسمبلی آغا سراج درانی نے ایوان کو آگاہ کیا کہ سندھ اسمبلی کو سیکیورٹی کے خطرات کا سامنا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کے پاس سے سندھ اسمبلی کی تصاویر برآمد ہوئی ہیں۔ آغا سراج درانی نے ایوان کو بتایا کہ سیکیورٹی خطرات کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے الرٹ جاری کیا تھا جس میں شہر قائد میں دہشت گردی اور سرکاری عمارتوں پر حملوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں دہشتگردی کا خطرہ، الرٹ جاری
نیکٹا الرٹ میں بتایا گیا تھا کہ غیرملکی ادارے اور ایجنسیاں دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہے ہیں، انہوں نے اب کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
الرٹ میں بتایا گیا تھا کہ غیرملکی ایجنسیوں کی پشت پناہی میں تیار ہونے والے دہشت گرد سرکاری عمارتوں کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔
نیکٹا نے ممکنہ حملوں کے حوالے سے جاری ہونے والے الرٹ کی نقول وزارتِ داخلہ، آئی جی سندھ پولیس اور ڈی جی رینجرز کو بھی ارسال کی تھیں۔