کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ سندھ نے بلوچستان کا پانی بند کردیا ہے، پانی بحال نہ ہواتو گڈو بیراج پر بھرپوراحتجاج کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر حاجی محمد خان لہڑی نے سندھ حکومت کو احتجاج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے پانی کی روانی کو بحال نہ کیا تو احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
مشیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ارسا معاہدے 1991 کی صریحاً خلاف ورزی کر رہی ہے، بلوچستان کا پانی چوری کرکے ڈاؤن کینال میں ڈالا جارہا ہے، اس اقدام سے بلوچستان کی 4 لاکھ ایکڑ فصل کو شدید نقصا ن کا خطرہ ہے۔
حاجی محمد خان لہڑی کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کا پانی بند کرنے پر گڈو بیراج پر مظاہرہ کیا جائے گا، فرحد واحد کو فائدہ پہنچانے کےلیے زمیں داروں کانقصان کیا جا رہا ہے۔