کراچی: محکمہ تعلیم نے پرائمری اسکول ٹیچرز سے متعلق معاملات کا اختیار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے محکمہ تعلیم نے پرائمری اسکول ٹیچرز کے انتظامی اور مالی معاملات کے حل کے لیے ایک اہم اور باقاعدہ فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
نئے احکامات کے تحت پی ایس ٹیز کے تمام متعلقہ امور کو اب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کے ذریعے نمٹایا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ گریڈ 7 سے 14 تک کے پرائمری اسکول ٹیچرز کے انتظامی اور مالی معاملات کو ‘سندھ سول سرونٹس رولز 1974’ کے تحت حل کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کو مسلسل یہ شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ پی ایس ٹیز کے کیسز اور معاملات غير متعلقہ حکام کو بھیجے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے کاغذی کارروائی اور فیصلوں میں تاخیر ہو رہی تھی۔
مزید پڑھیں : محکمہ تعلیم میں نئی بھرتیوں کا فیصلہ
محکمہ تعلیم نے ان شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام ڈائریکٹرز اور ضلعی تعلیمی افسران کو اپنے طے شدہ قانونی اختیارات کے مطابق ہی معاملے حل کرنے کا پابند کیا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ نے تمام اضلاع کو تاکید کی ہے کہ وہ سابقہ گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کریں اور یقینی بنائیں کہ پرائمری اسکول ٹیچرز کے مالی و انتظامی مسائل کو صرف اور صرف مجاز و متعلقہ افسران ہی نمٹائیں۔


