کراچی (23 ستمبر 2025): سندھ کابینہ کو ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے اب کابینہ اجلاس میں فائلوں کے بجائے آئی پیڈز دکھائی دیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کابینہ کو ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے اور تمام کابینہ ارکان کو آئی پیڈز فراہم کر دیے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اب کابینہ اجلاس میں فائلوں کی جگہ آئی پیڈز ہوں گے۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آئندہ کابینہ اجلاس میں کسی رکن کے ہاتھ میں کوئی فائل نہیں ہوگی۔ تمام فائلوں کو ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے اور تمام فائلز اراکین کو فراہم کردہ آئی پیڈز پر ہوں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ اراکین کو کابینہ کا مکمل ایجنڈا ان کے آئی پیڈز پر دیا جائے گا۔
دریں اثنا سندھ کابینہ نے مالیاتی امور میں اہم اصلاحات کی منظوری دے دی اور ٹھٹھہ میں نئے ڈسٹرکٹ پریژن اینڈ کریکشنل فیسیلیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
صوبائی کابینہ نے محکمہ ثقافت، سیاحت، نوادرات اورآرکائیوز کے مینڈیٹ میں توسیع، سندھ فنانشل رولز 2023 اور ڈیلیگیشن آف فنانشل پاورز رولز 2019 اور رولز آف بزنس 1986 میں ترامیم کی منظوری دی۔
ان رولز کے تحت سرکاری ملازمین کے بقایاجات کے مطالبات کی جانچ کو ڈی سینٹرلائز کیا گیا ہے۔ اب انتظامی محکمے بغیر کسی تاخیر کے قائم کمیٹیوں کے ذریعے مطالبات پر فوری کارروائی کر سکیں گے۔ تاہم 10 سال سے طویل مطالبات کی منظوری کیلیے محکمہ خزانہ کی منظوری درکار ہوگی۔
کابینہ کی منظوری سے فیصل صدیقی کو تین سال کے لیے سندھ انشورنس لمیٹڈ کا سی ای او مقرر کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نئی تعمیر شدہ ڈسٹرکٹ پریژن اینڈ کریکشنل فیسیلیٹی 27 اگست کو مکمل کی جا چکی ہے۔ اس میں 250 قیدیوں کی گنجائش ہے۔


