جامشورو : وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے امریکا ایران کشیدگی کے پیش نظر عوام کو کم سے کم پیٹرول استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جامشورو کے علاقے بھان سعید آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور آبنائے ہرمز بند ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جنگ کا اثر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اثر پڑ رہا ہے، لوگ کم سے کم پیٹرول استعمال کریں۔
انہوں نےبتایا کہ پریا کماری کے کیس کو وزیر داخلہ دیکھ رہے ہیں اور سندھ حکومت اس معاملے میں سنجیدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔
مراد علی شاہ نے سندھ میں جاری بجلی کی لوڈشیڈنگ پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر وفاقی حکومت سے بات کریں گے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


