کراچی: شہر قائد سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز 58 گھنٹے بعد کھل گئے، سی این جی اسٹیشنزپر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے مطابق سی این جی اسٹیشنز 58 گھنٹے بعد آج صبح 8 بجے دوبارہ کھل گئے، صبح کھلتے ہی سی این جی اسٹیشنوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
سی این جی اسٹیشنزجمعرات کی رات 10 بجے بند کیے گئے تھے، ابتدائی طورپر34 گھنٹوں کے لیے سی این جی کی بندش کا اعلان کیا گیا تھا۔
بعدازاں سوئی گیس حکام نے اعلان کیا تھا کہ سی این جی اسٹیشنز مزید 24 گھنٹے اضافی بندش سے 58 گھنٹے کے بعد اتوار کی صبح کھلیں گے۔
گیس بندش کے باعث شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیاری، ناظم آباد، کورنگی، گلشن اقبال، ڈیفنس، کلفٹن، محمود آباد، اولڈ سٹی ایریا کے مکینوں نے شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔
گھریلو صارفین کے گیس بلوں میں اضافہ، عمران خان کا نوٹس
خیال رہے کہ گھریلو صارفین کو پریشانی کے ساتھ سائٹ انڈسٹری بھی 3 روز تک بند رہی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان نے گھریلو صارفین کے گیس بلوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم غلام محمد سرور کو فوری طور پر انکوائری کی ہدایت کی تھی۔