کراچی(9 فروری 2026): سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کراچی کے علاقے کورنگی میں سروس روڈ پر قائم غیر قانونی فوڈ اسٹریٹ کو ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ دو ہفتوں کے اندر اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے، اس کیس کی سماعت کے دوران وزارت بلدیات، ٹاؤن ناظم، ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست گزار کے وکیل حسیب جمالی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سروس روڈ ٹریفک کی روانی کے لیے انتہائی ضروری ہوتی ہے اور اس کی قانونی حیثیت کو کسی صورت ختم نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ کے پاس سروس روڈ کی حیثیت تبدیل کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہے اور ایسی تجاوزات سے ٹریفک حادثات اور قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ رہتا ہے۔
دوسری جانب ٹاؤن انتظامیہ نے اپنے تحریری کمنٹس میں موقف اپنایا کہ یہ فوڈ اسٹریٹ عوامی سہولت کے لیے قائم کی گئی ہے جس میں 144 عارضی دکانیں اور اسٹالز موجود ہیں۔
تاہم عدالت نے سروس روڈ پر کسی بھی قسم کی تجارتی سرگرمی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے فوری ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
شاہد آفریدی داماد شاہین اور بیٹیوں کے ہمراہ کراچی کی فوڈ اسٹریٹ پہنچ گئے
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


