سندھ میں 5 کمپنیوں کے آئی وی انفیوژن سیٹس غیر معیاری قرار دے دیئے گئے ، انفیوژن سیٹس کی تیاری میں استعمال ہونے والا پلاسٹک میٹریل بھی غیرمعیاری پایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ سے متعلق تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پانچ کمپنیوں کے آئی وی انفیوژن سیٹس (ڈرپ سیٹس) کو غیرمعیاری قرار دے دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری سندھ سید عدنان رضوی کے مطابق نوشہروفیروز اور ملیر سے حاصل کیے گئے ڈرپ سیٹس کے نمونے مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترے۔
انہوں نے بتایا کہ انفیوژن سیٹس کی تیاری میں استعمال ہونے والا پلاسٹک میٹریل بھی غیرمعیاری پایا گیا۔
سید عدنان رضوی کا کہنا ہے کہ متعلقہ پانچوں کمپنیوں کی مصنوعات میڈیکل ڈیوائس رولز 2017 کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ معاملے میں مزید قانونی کارروائی کے لیے حتمی رپورٹس متعلقہ ڈرگ انسپکٹرز کو ارسال کر دی گئی ہیں، جبکہ کارروائی کی کاپی سیکریٹری سندھ کوالٹی کنٹرول کو بھی فراہم کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق غیرمعیاری طبی آلات سے متعلق مزید کارروائی قانون کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔


