تازہ ترین

کیا سندھ میں گیس 245 فیصد مہنگی ہوگی؟

کراچی: سندھ حکومت نے گیس 245 فیصد مہنگی کرنے کا ممکنہ فیصلہ مسترد کردیا، اور وفاقی حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاق سندھ میں گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ واپس لے، سب سے زیادہ گیس کی پیداوار سندھ سے ہوتی ہے، گیس مہنگی ہونے سے کرائے اور مہنگائی بڑھ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو ہر معاملے پر سبسڈی جبکہ سندھ کو ہر ماہ مہنگائی کا تحفہ دیا جاتا ہے، وفاق کو سی این جی سیکٹر میں بھی31 فیصد اضافہ نہیں کرنے دیں گے، وفاقی حکومت نے گیس نرخوں میں اضافہ کیا تو ٹرانسپورٹرز اور عوام سڑکوں پر ہوں گے، سندھ ایسے فیصلہ کبھی قبول نہیں کرے گا۔

خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے سندھ میں 245 فیصد گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ ممکن ہے۔ دوسری جانب پٹرولیم ڈویژن نے گھریلو صارفین کے لیے گیس قیمتوں کے اضافے کی خبروں کی تردید کردی۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اوگرا کا مجوزہ اضافہ حتمی نہیں اور نہ کسی فورم نے منظوری دی، ترمیم سال میں 2بار متعدد عوامل مدنظر رکھنے کے بعد کی جاتی ہے، اوگرا نے آرڈیننس2002 سیکشن 8 کے تحت نئی قیمتوں کا مشورہ دیا ہے۔

پٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ اوگرا نے مشورہ کمپنیوں کی محصولات کے تخمینے کے پیش نظر دیا، آرڈیننس سیکشن 8 کے تحت وفاق گیس کی حتمی نرخ کا تعین کرے گی، گیس قیمتوں کا حتمی اعلان وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، گیس نرخوں کا حتمی فیصلہ ہونے تک مجوزہ قیمتوں کی تشہیر نہ کی جائے۔

Comments