محکمہ تعلیم سندھ نے اساتذہ اور ملازمین کے تبادلوں کے لیے ای ٹرانسفر سسٹم نافذ کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ کی ہدایت پر محکمہ تعلیم نے تبادلوں کا روایتی نظام ڈیجیٹلائز کردیا۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ای ٹرانسفر سسٹم 15 جنوری سے باقاعدہ فعال ہوگا، ڈیجیٹل نظام کو مرحلہ وار وسعت دی جائے گی تاکہ موثر نتائج حاصل ہوں۔
اساتذہ آن لائن درخواست دے کر تبادلے کا اسٹیٹس گھر بیٹھے چیک کرسکیں گے۔
محکمہ تعلیم کا کہنا کہ پہلے مرحلے میں اساتذہ اور بعد میں تمام ملازمین کو نظام میں شامل کیا جائے گا، نئے نظام سے وقت کی بچت، اخراجات میں کمی، انتظامی رکاوٹیں ختم ہوں گی۔
وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے کہا کہ تعلیم میں جدید ٹیکنالوجی سے انتظامی امور مزید شفاف ہوں گے، ای ٹرانسفر سسٹم اساتذہ کے تبادلوں میں سفارش اور تاخیر کے خاتمے میں موثر ہوگا۔
واضح رہے کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ میں ایک لاکھ 33 ہزار 547 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں، 105 ہزار 258 پرائمری اور 28 ہزار 289 جونیئر ایلیمنٹری اساتذہ شامل ہیں۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


