کراچی: محکمہ ایکسائز سندھ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، ملزمان بھاری مالیت کی چرس بلوچستان سے سندھ اسمگل کرنا چاہتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے کراچی چرس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں نے مشکوک ٹرک کی تلاشی زرعی کالج جیک آباد کے نزد لی، ٹرک نمبر ٹی کے کیو-523 سے 80 کلو چرس برآمد ہوئی۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے موقع پر ہی سمیع اللّہ نامی ملزم کو گرفتار کرلیا، مذکورہ شخص قلعہ عبداللہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
بڑی کارروائی، اربوں روپے مالیت کی منشیات برآمد، 11غیر ملکی گرفتار
کامیاب کارروائی پر صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاؤلہ نے مبارک باد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران محنت اور لگن سے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی کارروائیوں کو جاری رکھیں۔
یاد رہے کہ رواں سال 10 فروری کو اینٹی نارکوٹکس فورس نے بیرون ملک اسمگل کی جانے والی 98 کروڑ روپے مالیت کی منشیات قبضے میں لی تھی۔اے این ایف کے مطابق ہیروئن کنٹینر کے ذریعے ہالینڈ بھجوائی جا رہی تھی۔منشیات کنٹینر کے نچلے حصے میں منشیات انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی۔