کراچی: شہرقائد میں سندھ فوڈ اتھارٹی نے اہم کارروائی کرتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر یادگار مچھلی کو سیل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے کراچی کے علاقے پیرالہی بخش کالونی میں اہم کارروائی کی اور یادگار مچھلی کو سیل کردیا۔
سندھ فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے یادگار مچھلی انتظامیہ کو فائنل وارننگ دی گئی تھی، بعد ازاں صفائی کے ناقص انتظامات پر یادگار مچھلی کو سیل کیا گیا۔
سندھ فوڈاتھارٹی کے مطابق صورت حال بہترنہ ہونے پر دوبارہ کارروائی کرکے یادگار فشکو سیل کیا گیا، دکان پر گندگی، حشرات کی بہتان تھی اور صفائی کا کوئی نظام موجود نہ تھا۔
کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، 9 بڑے ہول سیلرز سیل
فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ مچھلی کو زنگ آلود فریج میں رکھا جا رہا تھا، جہاں مچھلی کی صفائی کی جاتی تھی وہاں شدید بدبو تھی، کچن میں گندگی اور ایک ہی تیل کو کئی دفعہ استعمال کیا جا رہا تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ شہر قائد میں کھلا آئل اور گھی کی فروخت کے خلاف سندھ فوڈ اتھارٹی نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 9 بڑے ہول سیلرز سیل کردیے تھے۔
واضح رہے کہ رواں سال مئی میں سندھ فوڈ اتھارٹی نے کراچی کی ایمپریس مارکیٹ میں چھاپہ مار کر 2500 کلو مضر صحت گوشت تلف کردیا تھا۔