کراچی (13 مئی 2026): گلشن اقبال بلاک ٹو میں فوڈ انسپیکشن کے دوران سندھ فوڈ اتھارٹی ٹیم پر دکاندار کے تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے۔
گلشن اقبال میں ایک نمکو شاپ پر فوڈ اتھارٹی کے چھاپےکے دوران مضرصحت اشیا اور حفظان صحت کے قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں۔
اس دوران باز پرس کرنے پر دکاندار طیش میں آگیا اور سندھ فوڈ اتھارٹی کے عملے پر پرتشدد اور انہیں مغلظات بکتا رہا، عملے کے مطابق ایک خاتون افسر کو بھی دھکے دیے گئے۔
تشدد کے دوران دکاندار نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے ملازم کے کپڑے بھی پھاڑ دیے بعد ازاں فوڈ اتھارٹی ٹیم نے متعلقہ تھانے سے رابطہ کرکے شکایت کی جس پر تشدد کرنے والے دکاندار صابر کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس نے دکاندار صابر کیخلاف مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ سندھ فوڈ اتھارٹی ٹیم نے دکان کو بھی سیل کر دیا ہے۔
اطلاع ملنے پر صوبائی وزیر خوراک نے فوڈ انسپیکشن کے دوران سندھ فوڈ اتھارٹی ٹیم پرتشدد کا سختی سے نوٹس لے لیا۔
مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ فوڈ سیفٹی قوانین پرعمل درآمد کےدوران سرکاری ٹیم پر حملہ ناقابل برداشت ہے، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے کارروائیاں جاری رکھے گی۔
گلشن اقبال میں نمکو شاپ کی انسپیکشن کے دوران زائدالمیعاد اور خراب تیل استعمال کے شواہد سامنے آئے تھے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


