کراچی : سندھ حکومت نے عدالتی حکم پر تمام مشیروں اور معاونین خصوصی کو ایگزیکٹو اختیارات استعمال کرنے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے مشیروں اور معاونین خصوصی سے ایگزیکٹو اختیارات واپس لے لئے ہیں ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اب کوئی مشیرا ور معاون خصوصی ایگزیکٹواختیارات استعمال نہیں کرسکتا ۔
سندھ ہائیکورٹ میں سینیٹر سعید غنی کی وزیر اعلیٰ کے ایڈوائزر کی حیثیت سے تقرری کے معاملے پر کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران چیف سیکریٹری رضوان میمن عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران چیف سیکریٹری نے کہا کہ عدالتی حکم کے بعد تمام مشیروں اور معاون خصوصی کو ہٹانے کیلیے سمری وزیر اعلیٰ کو بھجوا دی ہے، مرتضیٰ وہاب عدالتی حکم کے فوری بعد عہدہ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
چیف سیکریٹری نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی مشیر یا معاون خصوصی کے پاس انتظامی اختیارات نہیں ہیں، وزیر اعلیٰ کا کوئی مشیر یا معاون خصوصی قلمدان استعمال نہیں کررہا۔
چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ دیگر مشیراور معاون خصوصی عہدے پر ہیں مگر ان کے پاس انتظامی اختیارات نہیں، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ ہر مشیر کیلئے علیحدہ حکم نہیں دیں گے، عدالتی حکم پر مکمل عمل در آمد کرایا جائے۔
یاد رہے کہ سندھ ہائیکورٹ میں سینیٹر سعید غنی کی وزیراعلیٰ کے ایڈوائزر کی حیثیت سے تقرری کے معاملے پر مشیروں اور معاونین خصوصی کے متعلق فیصلے پرعملدرآمد کا حکم دیا تھا۔