کراچی: سندھ حکومت نے نیا میڈیکل کالج قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا، میڈیکل کالج ضلع مٹیاری کےہالاشہر میں قائم کیا جائے گا، موجودہ بجٹ میں منصوبے کیلئے ابتدائی رقم20کروڑ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ضلع مٹیاری کےہالاشہرمیں میڈیکل کالج اورٹیچنگ اسپتال قائم کرنےکافیصلہ کرلیا ، میڈیکل کالج وٹیچنگ اسپتال کامنصوبہ4ارب میں تعمیر کیا جائےگا، موجودہ بجٹ میں منصوبے کیلئے ابتدائی رقم20کروڑ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
سندھ کے7سرکاری اسپتالوں میں بائیوسیفٹی لیبارٹریزقائم کرنےکا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، بائیوسیفٹی لیب سول اسپتال، اوجھاکیمپس، لیاقت اسپتال حیدرآباد ، خیرپورمیڈیکل کالج اسپتال،پیپلزمیڈیکل کالج بینظیرآباد، غلام محمدمہرمیڈیکل کالج سکھر اور چانڈکامیڈیکل کالج لاڑکانہ میں قائم کی جائے گی۔
لیبارٹریز کے لیے4 ارب روپےکی رقم مختص کی جائےگی جبکہ ساڑھے27کروڑروپے سے کمیونٹی مینٹل ہیلتھ پروگرام بھی شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے پر کراچی میں مزید 5 اسپتال قائم کرنے کرنے کا اعلان کیا تھا، صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جولائی کے آخر تک 800 بیڈز پرمشتمل ہائی ڈپینڈنسی یونٹ قائم ہوجائیں گے،جولائی کے آخر تک 210 وینٹی لیٹرز کا اضافہ بھی کر دیا جائے گا،140بیڈ کا ہائی ڈپینڈنسی یونٹ رواں ماہ ایکسپوسینٹر میں مہیا کر دیا جائےگا۔