کراچی: سندھ حکومت نے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی فیملی کا کرونا ٹیسٹ کرانے کے احکامات جاری کر دیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے سول اسپتال کو ہدایت جاری کی ہے کہ کراچی میں موجود فیصل ایدھی کے خاندان کے دیگر افراد کے بھی کرونا ٹیسٹ کیے جائیں۔
ذرایع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ فیصل ایدھی سے قبل ان کے بیٹے سعد ایدھی کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، اس دوران بھی فیصل ایدھی کو کچھ دن گھر میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی، فیصل ایدھی 4 دن سے اسلام آباد میں تھے، شک ہے وائرس وہی سے منتقل ہوا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا
واضح رہے کہ آج فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے، انھوں نے دو دن قبل ٹیسٹ کروایا تھا، وہ اسلام آباد میں مقیم ہیں، ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں، فیصل ایدھی کا ٹیسٹ شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد میں کیا گیا تھا۔
ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ 5 دن قبل فیصل ایدھی نے اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، دو روز قبل انھوں نے کرونا کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کی آج رپورٹ آئی ہے۔
ادھر وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے کرونا وبا ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ خدشے کے پیش نظر وزیر اعظم کو ٹیسٹ کروانے کی رائے دوں گا۔