کراچی : سندھ حکومت نے قربانی کے حوالے سے ایس او پیز تیار کرلیں ، جس میں کہا گیا ہے مخصوص مقامات پر فریضہ قربانی سرانجام دیا جائے گا اور گندگی پھیلانے ،آلائشیں پھینکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قربانی کے حوالے سے ایس او پیز تیار کرلی گئیں ، مخصوص مقامات پر فریضہ قربانی سرانجام دیا جائے گا۔
وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ یونین کونسلزکی سطح پر قربانی کیلئے جگہیں مختص کی گئی ہیں، سالڈ ویسٹ بورڈ آلائشیں اٹھا کر ٹھکانے لگائے گا۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ انفرادی قربانی کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور گندگی پھیلانے ،آلائشیں پھینکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی کیلئے کورونا فری قصائی تلاش کرنا ہوگا
ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندگان کیساتھ ضلعی انتظامیہ رابطے میں رہے گی اور اضلاع کی حدودمیں ڈی سیزاجتماعی قربانی کاانعقادیقینی بنائیں گے۔
سندھ حکومت نے عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی سے متعلق کہا تھا کہ قربانی کیلئے سماجی فاصلے کو فوقیت دینا ہوگی، محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا نیگٹو اور تجربےکار قصائیوں سےقربانی کےجانور ذبح کرائے جائیں اور قربانی کے جانوروں کی ویڈیو لنک،آن لائن خریداری کوترجیح دی جائے۔
سندھ حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ قربانی کا فریضہ مستند فلاحی تنظیموں اور مدارس کےذریعے کیا جائے۔