اتوار, مارچ 8, 2026
اشتہار

گورنر سندھ کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع، شاید 10 یا 15 دن نکال لیں، تیمور تالپور

اشتہار

حیرت انگیز

پیپلزپارٹی رہنما تیمور تالپور نے دعویٰ کیا ہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری شاید 10 یا 15 دن نکال سکیں گے۔

پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما تیمور تالپور نے کہا کہ گورنر سندھ کا عہدہ ایک لسانی جماعت کے لیے استعمال ہورہا ہے، کامران ٹیسوری نے جو زبان استعمال کی اس سے گریز کرنا بہتر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا ہے، کاؤنٹ ڈاؤن میں 15دن ہوسکتے ہیں لیکن 20 نہیں۔

تیمور تالپور نے کہا کہ گورنر سندھ کی گھبراہٹ دیکھی ایسے بیانات انہوں نے پہلے نہیں دیے ہیں۔

پی پی رہنما نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں وفاق میں اب بھی کچھ سمجھداری اور عقلمندی ہے، ہم بھی یہ بارہا دہرا رہے ہیں کہ ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں تو آپ نشاندہی کریں، سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے سیاسی جماعتوں میں لائحہ عمل ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم لاشوں پر سیاست کررہی ہے، جب ایسا وقت آتا ہے تو گالم گلوچ بھی کرتے ہیں اور پگڑیاں بھی اچھالی جاتی ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سانحہ گل پلازہ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سندھ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر سیاست کرنی ہے تو وہ اس کے لیے تیار ہیں، مگر پہلے 88 لاشوں کا جواب دیا جائے، کئی متاثرین کی لاشیں تاحال نہیں مل رہیں اور باقیات کا بھی کوئی سراغ نہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ آگ لگنے کی اصل وجہ کیا تھی، عمارت میں داخل کیوں نہیں ہوا گیا اور دروازے توڑنے والے کہاں تھے۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ 47 سال پرانی لیز نکال لی گئی مگر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی، ہمیں دھمکیاں نہ دی جائیں بلکہ اربابِ اختیار اپنے کرتوتوں پر نظر ڈالیں۔

ان کا کا کہنا تھا کہ متاثرین کو ہمارے ہی ٹیکس کے پیسوں سے معاوضہ دیا جا رہا ہے، یہ کوئی احسان نہیں۔

گورنر سندھ نے دعویٰ کیا تھا کہ میرے پاس ثبوتوں کے سوٹ کیس موجود ہیں اور غفلت کے ذمہ داروں کو انجام تک پہنچانا ہوگا، ورنہ معاملہ بہت آگے نکل جائے گا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں