کراچی : سندھ میں بجلی چوری کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے سندھ حکومت نے سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دے دی۔
تفصیلات کے مطابق نگراں سندھ حکومت نے بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اس سلسلے میں سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں صوبائی ٹاسک فورس کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
بجلی چوروں کے خلاف ایکشن کیلئے ڈویزنل، ضلعی سطح پر کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ، کمیٹی میں سیکریٹری انرجی، پاورڈویژن،کمشنرز،ڈی آئی جیز سمیت ایس ایس پیز حیسکو، سیپکو کے اعلیٰ افسران شامل ہیں۔
دوسری جانب آئی جی سندھ نے بجلی چوروں کی گرفتاری اور ان کے خلاف مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
آئی جی سندھ نے وزیر اعظم کی ہدایت پر سندہ کے تمام اضلاع کے ایس ایس پیز اور تمام ڈویژن کے ڈی آئی جیز کو ہدایت جاری کی ہے کہ صوبے بھر میں پاور سپلائی کرنے والی کمپنوں کے ساتھ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں تعاون کیا جائے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ بجلی سپلائی کرنے والے کمپنوں کے ساتھ معاونت کرتے ہوئے بجلی چوروں کو گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا جائے۔
احکامات میں کہا گیا کہ جلی چوروں کے خلاف درج مقدمات اور گرفتاریوں کی ہفتہ وار رپورٹ آئی جی آفس میں قائم کنٹرول روم کو ہر جمع کو صبح دس بجے تک بھیج دی جائے ۔