کراچی : سرکاری جامعات میں فیسوں میں اضافہ کے حوالے سے اہم خبر آگئی، فیسوں میں اضافےسےقبل حکومت سندھ کی پیشگی منظوری لازمی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے کی سرکاری جامعات میں فیسوں میں اضافے کو حکومتی منظوری سے مشروط کر دیا ہے۔
وزیرِ جامعات و تعلیمی بورڈ محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ فیسوں میں کسی بھی اضافے سے قبل سندھ حکومت کی پیشگی منظوری لازمی ہوگی تاکہ طلبہ پر اضافی مالی بوجھ نہ ڈالا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت جامعات کی گرانٹ میں اضافہ نہیں کر رہی بلکہ ہر سال کمی آرہی ہے، جس کے باعث سرکاری جامعات شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔
اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی اضافی گرانٹس کے ذریعے تعلیمی عمل کو متاثر ہونے سے بچا رہی ہے، تاہم جامعات کے اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث وہ فیسوں میں اضافہ کرتی ہیں۔
وزیرِ جامعات نے بتایا کہ سندھ حکومت تعلیم کے معیار اور سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے، کیونکہ بلاول بھٹو زرداری کا ویژن تعلیم، صحت اور عوامی فلاح سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں نویں سے بارہویں جماعت تک نئے گریڈنگ سسٹم کے نفاذ پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ مختلف تعلیمی بورڈز سے تجاویز اور اعتراضات موصول ہو چکے ہیں، اور تکنیکی مسائل حل ہوتے ہی نیا گریڈنگ سسٹم نافذ کر دیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


