ہفتہ, جون 13, 2026
اشتہار

انمول پنکی کو عدالت پیشی کے دوران پروٹوکول دینے والا ایس ایس پی سید علی حسن معطل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : کوکین ڈیلر انمول پنکی کو عدالت پیشی کے دوران پروٹوکول دینے والے ایس ایس پی سید علی حسن کو معطل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرفتار ہائی پروفائل کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کو عدالت میں پیشی کے دوران مبینہ پروٹوکول دینے کے معاملے پر سندھ حکومت نے سخت ایکشن لے لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر غفلت برتنے کے الزام میں ایس ایس پی سٹی سید علی حسن کو عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ معطل ایس ایس پی سید علی حسن پر ملزمہ پنکی کی گرفتاری اور پیشی کے معاملے کو غلط طریقے سے چلانے کا سنگین الزام ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی علی حسن نے ایس ایچ او حنیف سیال کو ملزمہ پنکی کو فوری طور پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

ایس ایچ او حنیف سیال نے اپنے بیان میں اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ایس ایس پی سید علی حسن کے مبینہ دباؤ میں آکر ہی پنکی کو اتنی جلدی عدالت میں پیش کیا ، ایس ایس پی علی حسن نے ہی ملزمہ پنکی کو عدالت لانے اور لے جانے کے لیے خصوصی عملہ اور پولیس موبائل فراہم کی تھی، جسے میڈیا پر پروٹوکول دینے سے تعبیر کیا گیا۔

پولیس رولز کے مطابق کسی بھی ہائی پروفائل ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے آپریشنل پولیس کی باقاعدہ مدد لی جاتی ہے۔ مزید برآں، قانون کے تحت پولیس کو کسی بھی ملزم کو عدالت میں پیش کرنے سے پہلے 24 گھنٹے تک تفتیش کرنے کا قانونی حق حاصل ہوتا ہے، لیکن اس کیس میں ملزمہ کو تفتیش مکمل کیے بغیر عجلت میں پیش کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اے آر وائی نیوز نے کوکین ڈیلر پنکی کو عدالت میں وی آئی پی پروٹوکول دینے کے معاملے کو نمایاں طور پر اٹھایا تھا، جس پر صوبائی حکومت نے فوری نوٹس لیتے ہوئے معطلی کے احکامات جاری کیے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں