تازہ ترین

محکمہ صحت سندھ کا اسکولوں میں کرونا کے نمونے اکھٹے کرنے کا فیصلہ

کراچی: محکمہ صحت سندھ نے اسکولوں میں کرونا کے نمونے اکھٹے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے محکمہ صحت نے اسکولوں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح معلوم کرنے کے لیے کرونا کے لیے نمونے اکھٹے کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے اس سلسلے میں تمام ڈی ایچ اوز کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہر ضلع کے اسکولوں سے 100 سیمپل اکٹھے کیے جائیں گے۔

حاصل شدہ کرونا سیمپل ڈاؤ اسپتال کی کرونا لیب بھیجے جائیں گے، جہاں ان کا ٹیسٹ کیا جائے گا اور پھر نتائج سے محکمہ صحت سندھ ٹاسک فورس کو آگاہ کیا جائے گا۔

محکمہ صحت کے مطابق کرونا کیسز کی شرح کے پیش نظر اسکول بند یا کھلے رکھنے کا فیصلہ ہوگا، بتایا گیا ہے کہ اسکول کھلے یا بند رکھنے کا فیصلہ سندھ کرونا ٹاسک فورس کرے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کرونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا تھا کہ صوبے بھر میں اسکول فی الوقت کھلے رہیں گے اور تعلیمی سلسلہ جاری رہے گا۔

سندھ ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو سرکاری افسران فیس ماسک کے استعمال کو یقینی نہیں بنائیں گے ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، اجلاس میں تجویز دی گئی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری افسران کی ایک دن کی تنخواہ کاٹی جائے۔

Comments

- Advertisement -