تازہ ترین

نصاب میں تاریخی ورثے کے موضوعات شامل کرنے کے حوالے سے فریم ورک تیار

کراچی: صوبہ سندھ میں نصاب میں تاریخی ورثے کے موضوعات شامل کرنے کے حوالے سے فریم ورک تیار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ نے نصاب کی تیاری کے حوالے سے ملک میں ایک اور مثال قائم کر لی، نصاب میں تاریخی ورثے کے موضوعات شامل کرنے کے حوالے سے فریم ورک تیار ہو گیا۔

پرائمری، مڈل اور سیکنڈری کلاسز کے لیے ورثے کے موضوعات پر تیار ہونے والا فریم ورک سندھ حکومت، یونیسکو اور اٹالین ایجنسی فار ڈیولپمنٹ کارپوریشن اسلام آباد کے مشترکہ تعاون سے تشکیل دیا گیا ہے۔

نصاب میں مذکورہ موضوعات کی شمولیت سے بچے نہ صرف تاریخی ورثے سے روشناس ہوں گے، بلکہ فریم ورک سے تاریخ، تہذیب، آثار قدیمہ اور ماضی کے متعلق معلومات کے حصول کے سلسلے میں ریسرچ اور اس ورثے کی حفاظت کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

صوبائی وزیر سید سردار شاہ نے اس فریم ورک کی تیاری کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا، اور کہا اپنی تاریخ اور ورثے سے وابستہ موضوعات پر تعلیم کے حصول کے بعد بچے اپنے سماج کو آگے لے جانے میں اپنا کردار بہتر طریقے سے ادا کر سکیں گے۔

انھوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ غیر جانب دار اور مختلف بین الاقوامی اداروں نے دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ کے نصاب کو بہتر قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فریم ورک کے حوالے سے کراچی میں ایک ورکشاپ منعقد کیا گیا تھا، جس میں اٹلی کے قونصل جنرل ڈینیلیو گوردانیلا، یونیسکو کے نمائندے Youssef Filali-Meknassi، سیکریٹری تعلیم غلام اکبر لغاری، نامور اسکالر جامی چانڈیو اور دیگر تعلیمی ماہرین نے شرکت کی تھی۔

Comments

- Advertisement -