کراچی(30 جولائی 2026): سندھ بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔
سندھ بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نئی توسیع کے بعد یکم اگست سے صوبے بھر میں دفعہ 144 مزید ایک ماہ کے لیے نافذ العمل ہوگی۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس دوران وال چاکنگ، احتجاج، مظاہرے، دھرنے، جلسے، ریلیاں نکالنے اور ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔
اس کے علاوہ عوامی مقامات پر اسلحے کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی اور غیر ضروری طور پر اسلحہ لہرا کر خوف و ہراس پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیوں کے حوالے سے سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں جن کے تحت سیکیورٹی گارڈز کو صرف ڈیوٹی کے دوران اسلحہ رکھنے کی اجازت ہوگی، تاہم انہیں پیدل اسلحہ لے کر چلنے یا اس کی نمائش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز گاڑی میں سفر کے دوران اپنا اسلحہ صرف گاڑی کے اندر ہی رکھ سکیں گے۔ کھلی جگہوں پر گشت یا ڈیوٹی کے دوران بھی اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔
حکومتی احکامات کی رو سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت فوری مقدمات درج کیے جائیں گے۔
تمام متعلقہ ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔


