قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم پیشہ افرادکے خلاف حرکت میں آگئے، ضلع کیماڑی پولیس و سندھ رینجرز کی جانب سے مواچھ گوٹھ میں مشترکہ کومبنگ آپریشن کیا گیا، اس دوران 100سے زائدافراد کو بائیومیٹرک ویری فیکیشن کے ذریعے چیک کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی آئی جی عرفان بلوچ کا کہنا تھا کہ دوران آپریشن علاقے کے داخلی وخارجی راستوں کو سیل کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی جبکہ 12مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک رائفل، 2 عدد پستول، منشیات اور گٹکا ماوا بھی برآمد کیا گیا،جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب پولیس کی جانب سے نارتھ ناظم آباد بلاک ایس اور نصرت بھٹو کالونی میں بھی کومبنگ آپریشن کیا گیا، اس دوران گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران تلاش ڈیوائس کی مددسے بائیو میٹرک ویری فیکیشن بھی کی گئی، آپریشن کے دوران 2مسروقہ موٹر سائیکلیں بھی بر آمد کرلی گئیں۔
پولیس نے تصدیق کے بعد 5 ملزمان کوحراست میں لے لیا ہے، گرفتار ملزمان میں رفعت اللہ، صابر، بہادر، رحمان گل اورعثمان شاہ شامل ہیں، جبکہ ملزمان کیخلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔