کراچی (17 مئی 2026): سندھ پولیس اہلکاروں کی فوجی طرز کی سخت ٹریننگ میں اہلکاروں نے دشوار گزار مرحلے کے بعد پہاڑ تک سر کر لیے۔
سندھ پولیس کے اہلکاروں کی حب کے قریب فوجی طرز کی سخت ٹریننگ جاری ہے۔ ڈی آئی جی ٹریننگ کی سربراہی میں باہمت اہلکاروں نے دشوار گزار مرحلے کے بعد مشکل ترین مشن مکمل کرتے ہوئے پہاڑ تک سر کر لیے۔
سندھ پولیس ٹریننگ کے سلسلے میں کراچی کے رزاق آباد ٹریننگ سینٹر سے نکل کر اہلکاروں نے کھیر تھر کے سخت اور بلند پہاڑوں کا رخ کیا۔ کھار سینٹر سے تقریباً 5 سے 6 کلومیٹر آگے جا کر جیسے ہی پہاڑی راستہ شروع ہوا، اصل چیلنج بھی وہیں سے شروع ہو گیا۔
شدید گرمی، دشوار گزار راستے اور پانی کی کمی نے ہر قدم پر آزمائش میں ڈالا۔ خاص طور پر وہ ساتھی اور لڑکیاں بھی، جنہوں نے پہلے کبھی پہاڑوں کا سامنا نہیں کیا تھا، ان کے لیے یہ لمحے بہت کٹھن تھے۔ کہیں رکنا پڑا، کہیں بیٹھنا، کہیں سانس بحال کرنا، لیکن ہمت کسی نے نہیں ہاری۔️
شدید گرمی اور پتھریلے راستوں کے باوجود جوانوں کا عزم قابل دید رہا۔ بلند پہاڑوں پر مرد اور خواتین اہلکاروں کی عملی مشقیں بھی کی گئیں۔
انتہائی پر خطر راستوں پر سندھ پولیس کے اہلکاروں نے ہمت دکھائی۔ کسی کے پاس آدھا لیٹر پانی تھا، تو کسی کے پاس ایک لیٹر اور وہ بھی جلد ختم ہو گیا۔ لیکن پانی کی کمی اور شدید گرمی کے باوجود ٹیم نے ہمت نہ ہاری۔ حوصلے اور عزم کے ساتھ آخرکار پہاڑ کی چوٹی تک رسائی حاصل کی۔
ڈی آئی جی ٹریننگ سندھ فیض اللہ کوریجو کا کہنا تھا کہ انٹرنیشل ماونٹینر اسد علی میمن نے ٹیم سلیکٹ کرنے میں مدد کی۔ منتخب ہونے والی ٹیم کو جلد نوٹیفائی کیا جائے گا۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


