منگل, اپریل 14, 2026
اشتہار

سندھ میں 52 لاکھ درسی کتب کے سیٹس کی اشاعت مکمل، تقسیم کا باقاعدہ آغاز

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی(20 فروری 2026): سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ نے درسی کتب کی اشاعت کا مقررہ ہدف کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے تعلیمی سال 27-2026 کے لیے 52 لاکھ درسی کتب کے سیٹس تیار کر لیے ہیں۔

 صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کتب کی تقسیم کے عمل کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے پہلے روز ہر طالب علم کے ہاتھ میں نئی کتاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بچوں پر نصابی بوجھ کم کرنے اور معیاری تعلیم کو فروغ دینے کے لیے اساتذہ اور ماہرینِ تعلیم کی مشاورت سے درسی کتب کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ کے زیرِ اہتمام کراچی کے گورنمنٹ گرلز لوئر سیکنڈری اسکول، نیلم کالونی، کلفٹن میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ نے تعلیمی سال 27-2026 کے لیے “شہید محترمہ بینظیر بھٹو ٹیکسٹ بک سیریز” کے تحت ارلی چائلڈ ایجوکیشن کلاس سے لے کر دسویں جماعت تک نصابی کتب کی اشاعت مکمل کی ہے، جبکہ دسویں جماعت تک مجموعی طور پر 195 ٹائٹلز شائع کیے گئے ہیں۔ کتب کو سندھی، اردو اور انگریزی زبانوں میں شائع کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے درسی کتب کی بروقت اشاعت پر سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاغذ پر ٹیکس میں اضافے اور دیگر مشکلات کے باوجود مناسب حکمتِ عملی کے ذریعے کتب کی اشاعت کا عمل بروقت مکمل کیا گیا، جس سے طلبہ کو بروقت تعلیمی سہولت میسر آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسٹ ڈیولپمنٹ کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں اور آئندہ تعلیمی سال سے نصابی کتب میں تبدیلیاں کی جائیں گی تاکہ نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سابق دورِ حکومت میں سنگل نیشنل کریکولم کے نفاذ پر زور دیا گیا تھا، جس کی سندھ نے واضح اور دوٹوک مخالفت کی۔ آج اس مؤقف کی درستگی ثابت ہو رہی ہے کیونکہ اب دیگر صوبے بھی مادری زبان کو بطور مضمون شامل کرنے کی بات کر رہے ہیں، جبکہ سندھ نے یہ اصولی موقف پہلے ہی اختیار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں مفت تعلیم کی ضمانت دی گئی ہے، لہٰذا بچوں کو نصابی کتب کی مفت فراہمی بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج سے درسی کتب کی ترسیل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جو یکم اپریل تک مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ ڈی ای اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ کتب کی بروقت اسکولوں تک فراہمی کو یقینی بنائیں۔

اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ زاہد علی عباسی نے کہا کہ یونیسکو نے سندھ کے نصاب کو “موسٹ انکلوسو” قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نصاب کو “لرننگ ٹو ارننگ” مکینزم کے مطابق بنانے کے لیے کام جاری ہے تاکہ بچوں کو مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔

+ posts

انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں