The news is by your side.

Advertisement

بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ:حیدرآباد میں ایم کیوایم کا میئر یقینی

بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں سندھ اورپنجاب کے 26اضلاع میں پولنگ کا عمل اختتام پذیر ہوگیا ہے اورووٹوں کی گنتی جاری ہے، کئی مقامات پر لڑائی جھگڑے اور بد نظمی کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔

بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں2کروڑ 17لاکھ ووٹر اپناحق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، سندھ اور پنجاب کے 26اضلاع میں پولنگ کا عمل صبح  7:30 بجے شروع ہوا ہے جو کہ شام 5:30 بجے تک جاری رہے گا، کئی پولینگ اسٹیشن پر پونگ دیر سے شروع کرنے کی اطلاعات بھی ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات میں بدنظمی کی شکایات درج کرانے کے لئے دو ٹیلی فون نمبرجاری کئے ہیں۔ سندھ کے حوالے سے شکایات مندرجہ ذیل نمبرزدرج کراسکتے ہیں

سندھ
051-9210819
پنجاب
051-9210816-8

انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے لیے پولنگ سٹیشنز پر ہزاروں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ پاک فوج کی 16 کمپنیاں اسٹینڈ بائی پر رکھی گئی ہیں جنہیں  کسی  بھی ناخوشگوار واقع کی صورت میں طلب کیا جاسکے گا۔

 


حیدرآباد اور میرپور خاص کے نتائج


بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلے کا معرکہ ، سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں ایم کیوایم نے میدان مار لیا جبکہ میرپور خاص میں بھی ایم کیوایم نے میدان مار لیا۔ایم کیوایم نے حیدرآباد میں میئر اور ڈپٹی میئر کے لئے ناموں پر غور کرنا شروع کردیا۔

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں ایم کیوایم نے چھیانوے میں سے اڑتالیس نشتوں پر فتح حاصل کرلی ہے جس کے بعد اب حیدرآباد کا مئیر ایم کیو ایم کا آنا لازمی ہوگیا ہے، مئیر کی نشت کے لئے اڑتالیس نششتوں کی ضرورت تھی، جو ایم کیوایم نے حاصل کرلی، جس کے بعد ایم کیوایم کے کارکنان نے جیت کا بھرپور جشن بھی منایا ۔

میرپور خاص میں بھی ایم کیوایم کی پتنگ نے بھری اونچی اڑان اور ایم کیوایم کے امیدواروں نے واضح اکثریت سے میدان مار لیا،پچاس میں سے تینتیس نشتیں حاصل کرلی ۔

 


 – غیر حتمی غیر سرکاری نتائج –


بدین کی 14 میونسپل کمیٹیوں کی نشستوں پر مرزا گروپ کے امیدوار غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق کامیاب ہوگئے۔

نوشہرو فیروز سے مسلم لیگ ن کے پانچ امیدوار کامیاب قرارپائے ہیں۔

بدین میں وارڈ نمبر 2 سے مرزا گروپ کے حمایت یافتہ امیدوارکامیاب قرار پائے ہیں۔

بدین میں وارڈ نمبر 9 سے مرزا گروپ کے حمایت یافتہ امیدوار میر عرفان تالپرکامیاب قرار پائے ہیں۔

حیدرآباد میں متحدہ قومی موومنٹ چیئرمیں کی 96 میں سے 23 نشستوں پر بلا مقابلہ کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکی ہے۔


-پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری-


مٹھی میں سیاسی جماعت کے کارکنان کا پولنگ اسٹیشن پرحملہ

مٹھی میں پولنگ اسٹیشن سارن پر سیاسی جماعت کے مسلح کارکنان نے حملہ کردیا۔

سیاسی جماعت کے کارکنان ووٹوں کی گنتی کے دوران حملہ کیا اور پولنگ عملے سے بیلٹ بکس چھیننے کی کوشش کی۔

حملے کے دوران پولنگ اسٹیشن پرتعینات پریذائیڈنگ افسر بچومل زخمی ہوگئے ہیں۔

جائے وقوعہ پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی، رینجرز نے چار افراد حراست میں لے لئے۔

رینجرز نے صورتحال پر قابو پانے کے لئے مزید نفری طلب کرلی۔

بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے اختتام پذیرہوا، چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنرسردارمحمد رضا کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا کامیابی سے اختتام پذیرہونا خوش آئند ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوج، رینجرز اور پولیس نے امن و امان برقرار رکھنے میں اہم کرداراداکیا ہے۔

سرداررضا نے کہا کہ جن حلقوں میں انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں ان میں دوبارہ حلقہ بندیاں کرکے دوبارہ انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ بھی اسی طرح خوش اسلوبی سے طے کرلیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں الیکشن عملے کا کردارقابلِ ستائش ہے۔

پنڈی بھٹیاں میں تحریک انصاف اورآزاد امیدوارکے حامیوں میں تصادم

پنڈی بھٹیاں کے وارڈ نمبر 6 میں تحریک انصاف اورآزادامید واروں کے درمیان تصادم ہوگیا۔

دونوں جانب سے لاٹھیوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں دو افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور متحارب گروہوں کو منتثر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا گیا ہے۔

پولنگ کا وقت ختم

سندھ اور پنجاب کے 26 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہوچکا ہے اورووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

ووٹوں کی گنتی سیکیورٹی کے سخت حصار میں جاری ہے۔

جامشورو، ساہیوال میں ووٹوں کی گنتی قبل از وقت شروع

امیدواروں کی باہمی رضا مندی سے ساہیوال اور جامشورو میں پونگ کا وقت ختم ہونے سے پانچ منٹ قبل ہی ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی۔

پولنگ کے وقت میں اضافہ نہیں ہوگا، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان سندھ اور پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پولنگ کے وقت میں اضافے سے انکار کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے سیکرٹری بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ کسی بھی ریٹرننگ افسر نے اس قسم کی اپیل نہیں کی ہے لہذا پونگ کی مدت نہیں بڑھائی جائے گی۔

واضح رہے کہ سندھ میں کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کئی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوئی جس پر عوام نے احتجاج بھی کیا۔

پولنگ ٹھیک 5:30 پر اختتام پذیر ہوجائے گی۔

پولنگ اسٹیشنوں کی منتقلی پرسابق صدرزرداری برہم

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ میں 22 پولنگ اسٹیشنوں کی منتقلی ان کی جماعت کے خلاف سازش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے ظاہرہورہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو کہیں اور سے کنٹرول کی جارہا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے دور میں الیکشن کمیشن آزادانہ حیثیت سے کام کرتا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں کی منتقلی کا مقصد پیپلز پارٹی کو عوامی حمایت سے محروم کرنا اور سیاسی یتیموں کوشکست سے بچانا ہے۔

الیکشن کمیشن بروقت فیصلے کرنے میں ناکام رہا

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبران بروقت فیصلے نہیں لے سکے، اپنے وجود کا جواز کھوچکے ہیں۔

 


پنجاب میں بلدیاتی انتخابات


جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کے الزام میں چارافراد گرفتار

پولیس نے ساہیوال میں جعلی ووٹ بھگتانے کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار شدگان کا کہنا ہے کہ انہیں جعلی ووٹ ڈالنے کے لئے تین ہزار روپے رشوت دی گئی تھی، مذکورہ افراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ گزشتہ تین دن سے الیکشن ورکر کی حیثیت سےکام کررہے ہیں۔

جعلی ووٹ ڈالنے والے افراد کی سیاسی شناخت تاحال ظاہرنہیں کی گئی ہے۔

چنیوٹ میں فوج نے کنٹرول سنبھال لیا

پنجاب کے شہر چنیوٹ میں خواتین کے پولنگ اسٹیشن کا کنٹرول پاک فوج کے دستے نے سنبھال لیا ہے۔

وارڈ ننمبر 15 میں خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی اور بدنظمی کا ماحول گرم تھا جس کے بعد پاک فوج نے حالات کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے پولنگ اسٹیشن کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

پاک فوج کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد پولنگ اسٹیشن اوراس کے اطراف میں حالات معمول پرآگئے ہیں۔

سرگودھا میں دھاندلی میں ملوث شخص رنگے ہاتھوں گرفتار

سرگودھا میں ایک شخص کو اپنی پارٹی کے حق میں ایک سے زائد ووٹ ڈالتے ہوئے رنگے ہاتھو گرفتار کرلیا گیا، تاہم یہ امر صیغہ راز رکھا گیا ہے کہ وہ کس جماعت کے حق میں جعلی ووٹ ڈال رہا تھا۔

الیکشن حکام نے دھاندلی کی خبر نشر ہونے پر متعلقہ پریذائیڈنگ افسر کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پولیس نے اے آروائی نیوزکی ٹیم کو بھی دھاندلی کے واقعے کی کووریج کرنےسے روک دیا۔

پنجاب میں سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال ،اٹک، جہلم، میانوالی، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، شیخوپورہ اور خانیوال میں پولنگ کا عمل جاری ہے.

پنجاب کے 12 اضلاع میں ایک کروڑ 46 لاکھ سے زائد ووٹر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، صوبے کے انتخابی اضلاع میں 11 ہزار 862 پولنگ اسٹیشنز کو ’اے پلس‘، ’اے‘ اور ’بی‘ میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گجرانوالہ میں تحریک انصاف اور آزاد امیدوار کے حامیوں میں تصادم

گوجرانولہ کی یونین کونسل بیالیس وارڈ نمبر چار کنگنی والا میں تحریک انصاف کے کارکن مبینہ طور پر جعلی ووٹ ڈال رہے تھے کہ آزاد امیدوار چوہدری دین نثار اپنے کارکنوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا جس کے باعث دونوں امیدواروں اور ان کے حامیوں میں تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی ہو گئی ، تاہم اس دوران مسلم لیگ نون کا امیدوار رشید بٹ بھی اپنے کارکنوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا اور دونوں پارٹیوں کے درمیان مداخلت کرواتے ہوئے پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر وا دیا ہے ، تاہم واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ہے.

کمالیہ وارڈ بارہ میں ایک کمرے میں تین پولنگ بوتھ بنانے پر خواتین سراپا احتجاج ہیں، پولنگ بد نظمی کا شکار ہوگئی.

شیخوپورہ میں ہنگامہ آرائی پر دو افراد گرفتار

شیخوپورہ یوسی 31 فیض پور میں ن لیگ کے حامیوں کو زخمی کرنے کے الزام میں آزاد گروپ کے 2 افراد گرفتار کرلیا گیا، آزاد گروپ کے حامیوں کی فائرنگ سے ن لیگ کے 5کارکن زخمی ہوئے تھے.

الیکشن کمیشن پنجاب کو 20 انتخابی شکایات موصول ہوئی، جن میں انتخابی عمل تاخیر سے شروع ہونے ،انتخابی فہرستوں میں نقائص اورانتخابی نشان غلط پرنٹ ہونے کی شکایات شامل ہیں.

سرگودھا اور خانیوال کے 4 وارڈز میں انتخابی نشان غلط پرنٹ ہونے کی وجہ سے پولنگ کا عمل روک دیا گیا.


ن لیگی کارکنوں کا پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد

گجرانوالہ میں تحریکی کارکن ٹانگ تڑوا بیٹھا

گوجرانوالہ میں ن لیگی کارکنوں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر تشدد کیا، جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کا ایک کارکن زخمی ہوگیا اور اسکی ٹانگ ٹوٹ گئی، زخمی کارکن کو ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، یونین کونسل نمبر ترپن کے علاقے گرجاکھ میں ن لیگ کے چیئرمین کے امیدوار باؤخالد سلیم کے ہامیوں اور پی ٹی آئی کارکنوں کا جعلی ووٹ ڈالنے پر تنازعہ شروع ہو گیا ،جس کے بعد دونوں پارٹیوں کے کارکنوں نے نعرے بازی شروع کر دی، جو بعدازاں ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی، ن لیگ کے کارکنوں نے پی ٹی آئی کارکن مشتاق عرف بھولا کودبوچ کر گھونسوں اور لاتوں کی بارش شروع کردی ، جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کارکن کی ٹانگ ٹوٹ گئی ، زخمی کارکن کو ریسکیو اہلکاروں نے طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا ہے جھگڑے کے باعث پولنگ کا عمل معطل ہو گیا، دوسری اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر وا دیاہے جبکہ دونوں پارٹیوں کے درمیان جھگڑے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں.

میانوالی پائی خیل مین خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا گیا، 3گھنٹے کے باوجود ایک بھی خواتین ووٹ نہیں ڈال سکی.

گوجرانوالہ کی یونین کونسل 16میں ووٹ ڈالنے کے تنازعہ پر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہو گئی جس سے پولنگ کا عمل روک دیا گیا بعدازاں پولیس کی بھاری نفری موقعہ پر پہنچ گئی اور پولنگ دوبارہ شروع کروا دی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار کے حامی ووٹروں کو شیر پر مہر لگانے پر زور دے رہے تھے روکنے پر پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کا مسلم لیگ ن کے حامیوں کے ساتھ ہاتھا پائی ہو گئی

سرگودھا میں بیلٹ پیپر پر کھلے عام ٹھپے لگ رہے ہیں، اے آر وائی نیوز کی خبر پر انتظامیہ کو ہوش آیا اور ڈی سی او نے نوٹس لیتے ہوئے پریزائیڈنگ افسر کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرلیا ہے.

شیخوپورہ کی یونین کونسل لنگل ساھداں میں ووٹ ڈالنے پر جھگڑا ہوا، جس پر بیٹے نے باپ کو قتل کرکے خودکشی کرلی،باپ تحریک انصاف اور بیٹا ن لیگ کو ووٹ دینا چاہتا تھا.

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ن لیگ کے جعلی ووٹ بھگتانے کا الزام میں پریزائنڈنگ افسر کا بیٹا پکڑا گیا، تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا اور گو نواز گو کے نعرے لگائے.

ٹوبہ ٹیک سنگھ کی یونین کونسل 28 کے چک نمبر 327 دھلیر کے خواتین پولنگ اسٹیشن پر ایک خاتون کا ووٹ کسی اور نے ڈال دیا، جعلی ووٹ پکڑے جانے کے بعد پولیس نے انتخابی امیدواروں کا داخلہ روک دیا ہے.

گوجرانوالہ میں یوسی بائیس میں مسلم لیگ ن کے امیدوار پومی بٹ کی شکایت پر پولیس نے آزاد امیدوار آصف ڈار کا کا کیمپ اکھاڑ دیا.

گوجرانوالہ میں وفاقی وزیر مملکت برائے ٹیکس عثمان ابراہیم کے گھر پر فائرنگ ہوئی، عثمان ابراہیم اور بھائی فائرنگ سے محفوظ رہے.

میانوالی پولنگ اسٹیشن پکی شاہ مردان وارڈ پانچ میں مبینہ دھاندلی کی جارہی ہے، انگوٹھوں پرسیاہی نہیں لگائی جارہی، پی ٹی آئی ہائی اسکول سکندرآباد کے باہر احتجاج کررہی ہیں.

چنیوٹ میونسپل کمیٹی چناب نگروارڈ تین میں امیدوار کے بھائی نے خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا، جس کے بعد ووٹرز مشتعل ہوگئے جبکہ ایک دوسرے سے تلخ کلامی بھی سامنے آئی.

شرقپور کے علاقےجلال پورمیں پریذائیڈنگ افسربیلٹ پیپرزگھر ہی لے گئے، پولیس نے چھاپا مار کر پریذائیڈنگ افسر کو گرفتار کرلیا ہے.

شیخوپورہ میں حکومتی امیدوار کو جتوانے کے لیے خواتین پولنگ اسٹیشن کے پریذائیڈنگ افسر نے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا، گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری اسکول ڈیرہ سائیاں والا کے پریذائیڈنگ آفیسر نے پولنگ اینجٹس کو باہر نکالا.

کوٹ مومن میں یو سی 34 اور 35 للہانی میں خواتین ووٹ کاسٹ نہیں کرسکیں، ان یونین کونسلز میں قیام پاکستان سے لے کر اب تک کسی خاتون نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا، وارڈ نمبر 13 میں ڈیڑھ گھنٹے بعد پولنگ کا عمل شروع ہوا.

جلالپور بھٹیاں میں ٹاس کے ذریعے بلدیاتی امیدوار کی جیت کا فیصلہ

جلالپور بھٹیاں میں ٹاس کے ذریعے بلدیاتی امیدوار کی جیت کا فیصلہ کرلیا گیا، مسلم لیگ ن کے شیخ سرفراز ٹاس ہار گئے، آزاد امیدوار میاں اعجاز حسین بھٹی کامیاب قرارپائے، یہ فیصلہ ایم این اے میاں شاہد حسین بھٹی اور ایم پی اے چوہدری اسد اللہ ارائیں نے علاقہ کے دیگر معززین کے مشورہ سے کیا اور دونوں امیدواروں کو اس بات پر قائل کیا کہ دونوں کے درمیان ٹاس پر فیصلہ کرلیتے ہیں، جس پر مسلم لیگ(ن) کے شیخ سرفراز حسین اور آزاد امیدوار میاں اعجاز حسین بھٹی کے درمیان ٹاس ہوا تو آزاد امیدوار میاں اعجازحسین بھٹی کامیاب قرار پائے۔


سندھ میں بلدیاتی انتخابات


حیدرآباد میں پولیس، رینجرز طلب

الیکشن حکام نے کچھ پونگ اسٹیشنوں پربدنظمی کے خدشے کے پیشِ نظر پولیس اور رینجرز طلب کرلی گئی ہے۔

ایک پولنگ اسٹیشن پر بیلٹ پیپرغلط چھپنے کے سبب پولنگ روک دی گئی،امیدوار کے حامیوں کے شدید احتجاج کے سبب قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طلب کرلیا گیا

خاتون کا ٹھٹھہ کے پولنگ اسٹیشن پراحتجاج

ٹھٹھہ میں ایک خاتون اپنا ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشن پہنچیں تو انہوں معلوم ہوا کہ ان کا ووٹ پہلے ہی کاسٹ کیا جاچکا ہے۔

خاتون نے مذکورہ پولنگ اسٹیشن کے پریذائیڈنگ افسر کے خلاف احتجاج کی اورمطالبہ کیا کہ انہیں ان کا ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔

آصفہ بھٹو اور ذوالفقارمرزا نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا

سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹوکی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے اپنا ووٹ نوشہرو فیروز میں کاسٹ کیا اس موقع پران کے ہمراہ بختاور بھٹو کے علاوہ پیپلز پارٹی کے کئی رہنماموجود تھے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے باغی رہنما اور سابق وزیرداخلہ سندھ ذوالفقار مرزانے بھی بدین میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

ڈی جی رینجرز سندھ کا حیدرآبادمیں پولنگ اسٹیشن کادورہ

ڈی جی رینجرزسندھ میجر جنرل بلال اکبرنے حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں واقع پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے جاری ہے اورکوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔

ڈی جی رینجرزبلال اکبرنے یہ بھی کہا کہ ضابطہ اخلاق پرہرصورت عمل کرائیں گے اوراس کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

ڈی جی رینجرز سندھ بلال اکبر نےاس سے قبل بدین کا بھی دورہ کیا تھا جہاں پیپلز پارٹی اورذوالفقارمرزا کے حامیوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری ہے۔

ذوالفقارمرزا کا بدین میں پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ

سابق وزیرداخلہ سندھ ذوالفقارمرزا نے بدین میں مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اوراپنے امیدواروں کی جیت کے لئے بھرپور امید کا اظہار کیا۔

ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ انہیں اور ان کے حمایت یافتہ امیدواروں کو جیت سے کوئی نہیں روک سکتا۔

جامشورو میں رینجرزطلب

جامشورو میں پیپلز پارٹی اور آزاد امیدوار کی حامی خواتین آپس میں دست و گریباں ہوگئیں۔

یہ تازہ واقعہ جامشوروکے میونسپل کمیٹی کے وارڈ نمبر 10 میں پیش آیا ہے جہاں پولنگ کے دوران بدنظمی کا ماحول پیدا ہوگیا۔

صورتحال پرقابو پانے کے لئے انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کرلیا ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا پولنگ اسٹاف سے نالاں

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور موجودہ ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بدین میں پولنگ عمل میں سست روی پر الیکشن عملے سے سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ایک پولنگ اسٹیشن پینچی جہاں انہوں نے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا۔

ان کا کہنا تھا پولنگ کے عمل کو سست بنانا ووٹرز کو ان کے حقِ رائے دہی سے محروم کرنے کی سازش ہے۔

حیدرآباد میں یونین کونسل کے انتخابات ملتوی

حیدرآباد میں وارڈ نمبر چار کی یوسی 87 میں جنرل کونسلر کے انتخابات بیلٹ پیپرغلط چھپنے کے سبب ملتوی کئے گئے۔

مذکورہ یو سی میں دو امیدواروں کے انتخابی نشانات غلظ چھپے ہیں۔

 

سندھ کے اضلاع میں حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری، دادو، جامشورو، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، شہید بے نظیر آباد، تھرپارکر، میرپوخاص، عمر کوٹ اور نوشہروفیروز شامل ہے، سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی5ہزار سےزائدنشستوں کیلئے14ہزارسے زائد امیدوار میدان میں ہیں تاہم سانگھڑ میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پولنگ ملتوی کردی گئی ہے.

انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران صوبے کے 71 لاکھ 69 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرکے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے.

پیپلز پارٹی بدین کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عزیز میمن گرفتار

رینجرز نے پیپلز پارٹی بدین کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عزیز میمن کو حراست میں لے لیا، ڈاکٹر عزیز میمن کو بدین کے پولنگ اسٹیشن اسلامیہ کالج سے حراست میں لیا گیا۔ حراست میں لیے گئے عزیز میمن کو رینجرز ہیڈکوارٹر منتقل کر دیا گیا، رینجرز نے ڈاکٹر عزیز میمن کو پولنگ اسٹیشن پر شرپسندی کے الزام میں گرفتار کیا.

انتخابی نشان تبدیل ہونے پر امیدوار انکے حامی اور ووٹرز مشتعل

حیدرآباد کے علاقےحسین آباد میں انتخابی نشان تبدیل ہونے پر امیدوار، انکے حامی اور ووٹرز مشتعل ہوگئے، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار راہب سولنگی کا پہلے انتخابی نشان بیلن تھا تاہم جب بلیٹ پیپر چھپ کرآیا تو اس میں انتخابی نشان مرغی دیا گیا تھا، جس پر انکے حامیوں کیجانب سے سخت احتجاج پر پولنگ روک دی گئی، امیدوار کیجانب سے احتجاج پر پولیس اور رینجرزکی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے رینجرز نے ہوائی فائرنگ کی، جس پر احتجاجی مظاہرین مشتعل ہوگئے اور پولنگ اسٹیشن پر دھرنا دیدیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ الیکشن ملتوی کیا جائے، رینجرز نے احتجاج کے دوران ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے لیا، اس دوران الیکشن کمیشن کاعملہ بھی حسین آباد پولنگ اسٹیشن پہنچ گیا اور مظاہرین سے مذاکرات کے بعد حسین آباد کے وارڈ تریپن میں پولنگ ملتوی کردی گئی.

بدین کی یونین کونسل حاجی کمہار ابڑو کی پولنگ اسٹیشن نمبر62پر کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود خواتین کو ووٹ ڈالنے نہیں دیا جارہا ہے.

ضلع بے نظیر آباد میں بلدیاتی انتخابات کا دنگل جاری ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے کھلے عام موبائل فون کا استعمال اورایک پولنگ اسٹیشن پر معذور شخص کا ووٹ کھلے عام اندراج کیا گیا ہے.

تھرپارکر کی تحصیل ڈاھیلی کے پولنگ اسٹیشن بھوجرو،سالہانی،پبن،سبرانی،دھنانی میں بیلٹ باکس ہی نہیں پہنچ سکے، پولنگ اسٹیشن جاگن لوند پر پولنگ کا عمل شروع نہ ہوسکا، ضلع انتظامیہ کی نااہلی کے باعث بیلٹ باکس تبدیل ہوگئے تھے، جس کے باعث پولنگ کاعمل تاخیرکا شکارہوا ۔

چھاچھرو میں پولنگ کے دوران 2گروپوں کے تصادم میں چارافراد کے زخمی ہوئے.

ٹنڈوالہٰ یار کی یوسی ہنگورامی وارڈنمبر 2پرامیدوارکا انتخابی نشان تبدیل ہونے پر پولنگ کا عمل روک دیا گیا.

نوشہروفیروز میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں پولنگ صبح ساڑھے سات بجے شروع ہوگئی ہے ، سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں جب کہ ضلع میں 6 ٹاؤن کمیٹی، بھورٹی، محبت دیرو، خانواھن، ھالانی، مٹھیانی اور آٹھ یونین کاؤنسلس میں الیکشن ملتوی کئے گئے ہیں.

حیدرآباد میں پولنگ شروع ہونے سے پہلے ہی لہولہان ہوگیا، حیدرآباد میں المصطفی ٹاؤن میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے کیمپ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے رہنما انور لغاری کو قتل کردیا جبکہ گولیاں لگنے سے قاسم آباد وارڈ نمبرآٹھ کے امیدوار سمیع چانڈیو سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ،دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا.

سندھ کے 8 اضلاع کی 81 یونین کونسلز میں آج ہونے والے انتخابات ملتوی

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر سندھ کے 8 اضلاع کی 81 یونین کونسلز میں آج ہونے والے انتخابات ملتوی کردیئے جب کہ 15 روز میں نئی حلقہ بندیاں کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ جن یونین کونسلوں میں انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں، ان میں تھرپارکر کی 6، نوشہروفیروز 17، میرپور خاص ڈویژن 25، بدین 4، حیدرآباد 24 اور سانگھڑ کی 5 یونین کونسلز شامل ہیں.

Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں