کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق لیاری میں دستی بم حملے کا واقعہ ہوا جس پرکارروائی کی گئی، حملے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، تحقیقات کی روشنی میں لیاری اورگارڈن میں کارروائیاں کی گئیں۔
سندھ رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران عبدالعزیز، ماجد اور سہیل عرف سنی نامی ملزمان گرفتار ہوئے، ملزمان کھڈا مارکیٹ اور اطراف میں بھتہ خوری میں ملوث ہیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان نے بھتہ نہ ملنے پرمیڈیکل اسٹورکے قریب دستی بم پھینکا تھا، ملزمان نے اسٹورکے قریب العدم تنظیم کا پمفلٹ بھی پھینکا تھا۔
سندھ رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے شیرا ذکری گروپ کے لیے سہولت کاری کا بھی اعتراف کیا ہے۔
کراچی: احسن آباد کے قریب متحدہ لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار
یاد رہے کہ رواں سال 20 جنوری کو کراچی پولیس نے احسن آباد کے قریب کارروائی کرتے ہوئے متحدہ لندن سے تعلق رکھنے والا ایک ٹارگٹ کلر گرفتار کیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم نے ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور ہڑتالوں کے دوران جلاؤ گھیراؤ کا اعتراف کیا۔