کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں خصوصی بچوں کے لیے 49 جدید ڈیجیٹل کلاس رومز، 20 سیٹلائٹ اسکولز اور سائن لینگویج ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کا افتتاح کر دیا۔
مراد علی شاہ نے اسپیشل ایجوکیشن کی تقریب سے خطاب میں کہا 37 اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹرز میں 49 ڈیجیٹل کلاس رومز قائم کیے گئے ہیں، سندھ بھر میں 20 سیٹلائٹ اسکولوں کا بھی افتتاح کیا گیا ہے، ہر بچے کو اس کی صلاحیت اور جغرافیائی محل وقوع سے قطع نظر معیاری تعلیم کی فراہمی ہمارا عزم ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا جدید ٹیکنالوجی خصوصی بچوں کے تعلیمی تجربے کو مزید بہتر بنائے گی، ڈیجیٹل کلاس رومز میں اسمارٹ بورڈز، ای لرننگ ٹولز اور جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، یہ بچوں کو جدید ڈیجیٹل دنیا میں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے میں مدد دیں گے۔
انھوں نے تقریب کے انعقاد کے حوالے سے محسوس کیا کہ یہ ان بچوں کے درمیان منانا زیادہ بامعنی ہوگا جن کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، اس لیے سی ایم ہاؤس کی جگہ خصوصی بچوں کے درمیان منعقد کی گئی۔
مراد علی شاہ نے کہا صرف انفرااسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کافی نہیں، اصل ترقی انھیں استعمال کرنے والے افراد سے وابستہ ہے، اس لیے ڈیجیٹل تعلیمی اقدامات کے ساتھ سائن لینگویج ٹیچرز ٹریننگ پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے، جس کے لیے ڈیف ریچ اور ایف ای ایس ایف کا تعاون حاصل ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا پاکستان سائن لینگویج رابطے، تعلیم اور شمولیت کا مؤثر ذریعہ ہے، اس کے وسیع استعمال کو فروغ دیا جائے گا، اساتذہ میں سرمایہ کاری دراصل بچوں کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔
سی ایم سندھ کے مطابق صوبے بھر کے 67 خصوصی اداروں میں تقریباً 20 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں، جہاں خصوصی بچوں کو مفت تعلیم، بحالی، فزیوتھراپی اور اسپیچ تھراپی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، مفت ٹرانسپورٹ اور غذائیت سے بھرپور کھانے کی فراہمی بھی ہو رہی ہے، اور طلبہ کو ماہانہ 3 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے۔



