جمعرات, دسمبر 12, 2024
اشتہار

سندھی ثقافت کے ذریعے محبتیں تقسیم کرنے کا دن

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ بھر میں سندھی ثقافت کا دن بھرپور جوش و خروش سے منایا جارہا ہے،اس دن کے منانے کا مقصد دنیا کو محبت و امن کا پیغام دینا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے تمام ہی علاقوں میں سندھی ثقافت کا دن منایا گیا،  بچے، بوڑھے، نوجوان اور خواتین نے اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا۔

ثقافتی دن کے موقع پر مہمانوں اور مقامی افراد کو  سندھی ٹوپی اور اجرک تحفے میں پیش کی گئی اور اپنی محبت کا اظہار بھی کیا گیا اس کے علاوہ خصوصی تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔

- Advertisement -

سندھ کی تہذیب وثقافت کو زندہ رکھنے کے لیے حکومتِ سندھ نے سات دسمبرکو سندھی ٹوپی اوراجرک ڈے منانے کا سلسلہ شروع کیا جو ہرسال بڑھ رہا ہے۔

اس دن کو منانے کا ایک اور اہم مقصد یہ پیغام دینا بھی ہے کہ سندھ کی سرزمین ثقافتی ورثے سے مالامال ہے۔

سکھر میں بچے بڑے سب ہی ٹوپی اجرک پہنے گھروں سے باہر نکلے اور ایک دوسرے کو مبارک باد بھی پیش کی، اسی طرح جیکب آباد میں بھی سندھی ٹوپی اور اجرک کا ثقافتی دن بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس ضمن میں  شہر کے مختلف علاقوں سے ثقافتی ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

حیدرآباد میں سندھی ثقافت کا دن جوش خروش سے منایا گیا، پریس کلب کے باہر خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے سندھی نغموں پر خوب رقص کیا۔

علاوہ ازیں سندھ کے مختلف شہروں میں  ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، گورنر سندھ نے ثقافتی دن پر تمام شہریوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم سب آپس میں بھائی بھائی ہیں اور آج صرف محبتیں تقسیم کرنے کا دن ہے‘۔

سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے بھی سندھی ثقافت سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اس دن کا خصوصی اہتمام کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں