کراچی : سندھ کا آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، ترقیاتی بجٹ میں نئی اسکیم شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ترقیاتی بجٹ میں تین سو ارب روپےکی کمی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے ہوگا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی اخراجات میں نمایاں کمی اور کوئی نئی ترقیاتی اسکیم شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبے کے غیر ترقیاتی بجٹ کے لیے 2 ہزار 560 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ مجموعی ترقیاتی بجٹ 1018 ارب روپے سے کم کرکے 720 ارب روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
خالص صوبائی ترقیاتی بجٹ 520 ارب روپے سے کم کرکے 385 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی اور ضلعی سطح پر جاری 3 ہزار 642 ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے 400 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، تاہم مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں کوئی نئی ترقیاتی اسکیم شامل نہیں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ضلعی ترقیاتی پروگرام میں بھی 40 ارب روپے کی کٹوتی کرتے ہوئے اس کے لیے صرف 15 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال میں اس مد میں 55 ارب روپے رکھے گئے تھے۔
بجٹ دستاویزات میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے 64 ارب روپے کی ترقیاتی گرانٹس ملنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ بیرونی پراجیکٹ اسسٹنس کی مد میں 256 ارب روپے حاصل ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔


