معروف امریکی گلوکارہ سلینا گومز گردے کی پیوند کاری کے مرحلے سے گزریں اور اس موقع پر ان کی جس دوست نے ان کے لیے گردہ عطیہ کیا، اس کے ساتھ انہوں نے ایک خوبصورت تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی۔
اپنے مداحوں کو اپنی بیماری سے متعلق بتانے کے لیے انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ اور ان کی سہیلی اسپتال کے بستروں پر موجود ہیں۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’مجھ سے سوالات کیے جارہے تھے کہ میں سماجی تقریبات اور میوزک سے کیوں دور ہوں، کیا میں مغرور ہوگئی ہوں تو اب میں بتانا چاہتی ہوں کہ دراصل میں بیمار تھی اور اب تیزی سے رو بصحت ہوں‘۔
سلینا کے مطابق وہ لیوپس نامی بیماری کا شکار تھیں۔ یہ بیماری جسم کے خلیات کو متاثر کرتی ہے، نتیجے میں جسم کا کوئی بھی عضو بشمول جلد ناکارہ اور ناقابل تلافی نقصان کا شکار ہوسکتا ہے۔
اس بیماری سے نمٹنے کے لیے سلینا کو گردے کی ضرورت تھی اور ایسے وقت میں ان کی ایک بہترین دوست نے انہیں اپنا گردہ عطیہ کیا۔
سلینا نے اپنی دوست فرانسیا ریسا کی جانب سے اسے خوبصورت ترین تحفہ قرار دیتے ہوئے ان کا بے حد شکریہ بھی ادا کیا۔
اپنی پوسٹ میں سلینا نے اس بیماری کے بارے میں مزید جاننے اور آگاہی و شعور پھیلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔