لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے روزنامہ جنگ میں قرارداد پاکستان کے متبادل قرارداد کی سفارشات مانگنے کے اشتہار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند لوگ انتہائی میٹھے انداز سے ملک کی نظریاتی سرحدوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ روزنامہ جنگ کی جانب سے گذشتہ کئی روز سے قرارداد پاکستان کے متبادل قرارداد لانے کےلیے سفارشات پر مبنی اشتہار دیا جارہا ہے، جو پاکستان کی نظریاتی آساس کے منافی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ چند لوگ نہایت میٹھے انداز سے ملک کی جڑیں کاٹنے کے کام پر لگے ہوئے ہیں، اور وہ پاکستان کو ایسا ناقابل تلافی نقصان پہنچانا چاہتے ہیں جو بھارت نے تین جنگوں میں نہیں دیا۔
سراج الحق نے تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد پاکستان پر رنگ و نسل سے بلاتر ہوکر پوری قوم متفق ہے، کیونکہ اس ملک کی بنیادوں میں لاکھوں شہیدوں کا خون موجود ہیں، انہوں نے اس اشتہار کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمنی قرار دیا۔