لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق ںے کہا ہے کہ قبل ازوقت الیکشن سے حکومت کو سیاسی شہید بننے کا موقع ملے گا اور نااہل شخص کو سیاسی جماعت کا لیڈر بنانا عدالتی فیصلے پر شب خون ہے چنانچہ الیکشن بل کو فی الفور واپس ہونا چاہیئے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے مطالبہ کہ انتخابی اصلاحات سے متعلق بل کو فوری طور واپس لیا جائے کیوں کہ یہ بل عدالتی حکم کے مترادف ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عمران خان کے قبل ازوقت انتخابات کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ایک نہیں تمام جماعتوں کی مرضی سے ہونے چاہئیں تاہم قبل از وقت الیکشن سے حکومت کو سیاسی شہید بننے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ نااہل شخص کو سیاسی جماعت کا لیڈر بناناعدالتی فیصلے پر شب خون مارنے کے مترادف ہے اس لیے انتخابی اصلاحات سے متعلق سینیٹ بل کو فی الفور واپس ہونا چاہئے۔
سراج الحق نے کہا کہ عوام کوسہولتیں فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری تھی لیکن حکمرانوں نے قوم کو کرپشن اور مہنگائی کے تحفوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔
نواز شریف کی دوبارہ پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار، سینیٹ میں بل منظور
انہوں نے کہا کہ امریکا نہیں چاہتا کہ پاکستان میں حقیقی اور عوامی قیادت سامنے آئے جس کے لیے عالمی سطح پر مسلمانوں کے خلاف سازشیں بھی تیار کی جاتی ہیں لیکن مغربی طاقتیں ہرسازش کرنے کے باوجود امت کومٹانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی حقیقی طور پر صالح قیادت پیش کرتی ہے جس پر ایک روپے کی کرپشن کا بھی الزام نہیں ہے اور جو عوام کے ووٹوں کے ذریعے خوشحالی کا نظام للانے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتی ہے۔