کراچی کے سب سے بڑے صنعتی علاقے سائٹ ایریا میں سڑکوں کی تباہ حالی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ حبیب بینک چورنگی سے میٹرول تک جانے والی مرکزی سڑک پر برسوں سے گڑھوں کی بھرمار ہے، جس کے باعث نہ صرف حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں بلکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
سائٹ ایریا میٹروول کی سڑک صنعتی سرگرمیوں کی ریڑھ کی ہڈی سمجھی جاتی ہے، لیکن یہ عملی طور پر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے، اس سڑک سے روزانہ لاکھوں شہری گزرتے ہیں اور شدید تکلیف اور اذیت کا سامنا کرتے ہیں۔
شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہر سال کھنڈرات کا منظر پیش کرنے والی اس سڑک پر اخراجات کھپانے کے لیے ’’عارضی لیپا پوتی‘‘ کر دی جاتی ہے جو ایک دو ہفتوں ہی میں پھر سے گڑھوں میں بدل جاتی ہے۔ یہ سڑک ایک عشرے سے زیادہ عرصے کی بدحالی کی داستان سناتی ہے۔
سڑکوں پر گاڑیاں ہی نہیں بلکہ پیدل چلنے والوں کا گزرنا بھی کسی کٹھن امتحان سے کم نہیں۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ یہ سڑک کیوں بنائی نہیں جا رہی؟ وہ کہتے ہیں کہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ سائٹ ایریا کے رہائشیوں کا مطالبہ ہے کہ جلد از جلد علاقے کے انفراسٹرکچر کو بہتر کیا جائے تا کہ عوام کی مشکلات کم ہو سکیں۔
روحہ فاطمہ اے آر وائی نیوز کراچی کے لئے موسمیات اور سماجی مسائل سے متعلق خبریں رپورٹ کرتی ہیں


