کراچی (21 ستمبر 2025): شہر قائد میں ایس آئی یو سے مقابلے میں 2 بھتہ خور مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے الآصف اسکوائر پر ایس آئی یو اور بھتہ خوروں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، دو طرفہ فائرنگ میں دو بھتہ خور ہلاک ہو گئے۔
ایس آئی یو پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 2 پستول، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، اور ہلاک ملزمان کا تعلق صمد کاٹھیا واڑی گروپ سے تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کپڑے کے ایک تاجر کو لفافے میں 3 گولیاں اور بھتے کی پرچی سمیت دھمکیاں بھیجنے والے 3 بھتہ خور گرفتار کیے گئے تھے۔
کراچی میں کپڑے کے تاجر کو لفافے میں 3 گولیاں بھیجنے والے بھتہ خور گرفتار
ایس ایس پی امجد شیخ کے مطابق ایس آئی یو نے کراچی میں ایک کارروائی کے دوران تین بھتہ خوروں کو گرفتار کیا، ملزمان نے کپڑے کے تاجر محمد انشال سے 3 کروڑ روپے بھتہ مانگا تھا۔
ایس ایس پی کے مطابق ملزمان سے بھتے کے لیے استعمال موبائل فون، سم اور اسلحہ برآمد ہوا ہے، تینوں ملزمان کو دھوراجی میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا، ملزم عثمان نے 11 ستمبر کو تاجر محمد انشال کے دفتر لفافہ بھجوایا۔ گرفتار ملزمان میں عثمان حیات، اسامہ خان اور عبدالغفور شامل ہیں، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


