اتوار, اگست 16, 2026
اشتہار

خیرپور: رشتے کے تنازع پر 2 خواتین سمیت 6 افراد قتل

اشتہار

حیرت انگیز

خیرپور : پریالو میں رشتے کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد کو قتل کردیا گیا ، جس میں دو خواتین اور باپ بیٹے شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے پریالو میں رشتے کے تنازع پر ناریجو برادری کے دو گروپوں کے درمیان ہونے والی ہولناک فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین اور باپ بیٹے سمیت 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ پریالو کے علاقے میں ناریجو برادری کے دو دھڑوں کے درمیان دیرینہ رشتے کے تنازع پر جھگڑا ہوا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم کی شکل اختیار کر لی۔ فائرنگ کے اس ہولناک واقعے میں 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ کئی افراد شدید زخمی ہیں۔

جاں بحق ہونے والوں میں سہراب علی، محمد عیدن، فتح محمد، راجہ اور دیگر شامل ہیں، جن میں باپ بیٹا اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ چکی ہے اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے خیرپور میں خواتین سمیت 6 افراد کے قتل پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور آئی جی سندھ سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے تصادم کے دوران مقامی پولیس کی عدم موجودگی اور تاخیر سے پہنچنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ "واقعے کے وقت مقامی پولیس موقع پر کیوں نہیں پہنچی؟” انہوں نے مزید کہا کہ 6 افراد کا قتل ایک انتہائی سنگین واقعہ ہے، اس میں ملوث کسی بھی عنصر کو بخشا نہیں جائے گا اور قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں