راولپنڈی : سعودی عرب کا 6 رکنی اعلیٰ سطح وفد پاکستان پہنچ گیا ، وفد سعودی ولی عہد کی رہائش، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کاجائزہ لےگا، وفد میں ولی عہدمحمدبن سلمان کے قریبی ساتھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہدمحمدبن سلمان کے دورہ پاکستان کی تیاریاں جاری ہے، ملائشیا سے خصوصی طیارہ نور خان ایئر بیس پہنچ گیا، طیارے میں 6 رکنی اعلیٰ سطح سعودی وفد پاکستان پہنچا ہے۔
وفد میں ولی عہدمحمدبن سلمان کے قریبی ساتھی شامل ہیں، وفد سعودی ولی عہد کی رہائش، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لےگا۔
گذشتہ روز سعوی ولی عہد کے استعمال کےلئے سات بی ایم ڈبلیو سیون سیریز ،ایک لینڈ کروزر اور آٹھ کنٹینرز پر مشتمل سامان پاکستان پہنچایا گیا تھا، لگژری گاڑیوں کو سعودی عرب سے دو سی ون تھرٹی طیاروں پر نور خان ایئر بیس لایا گیا۔
مزید پڑھیں : سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان، لگژری گاڑیاں پاکستان پہنچ گئیں
اس کے علاوہ شاہی مہمانوں کی رہائش کیلئے آٹھ ہوٹلوں میں ساڑھے سات سو کمروں کی بکنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے طیارے میں40رکنی وفد اور شاہی گارڈ کا دستہ ہمراہ ہوگا۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی دعوت پرسعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر 16 فروری کو پاکستان آئیں گے، محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں آئل ریفائنری سمیت بیس ارب کے معاہدے متوقع ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر وزیر اعظم عمران خان اور کابینہ کے اراکین استقبال کریں گے، وزیر اعظم ہاؤس آمد پر ولی عہد کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا ، جہاں عمران خان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی ون آن ون ملاقات بھی ہوگی جبکہ مہمانوں کو ظہرانہ بھی دیا جائےگا۔
خیال رہے شہزادہ محمد بن سلمان دورہ جہاں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نئے دورکا آغاز ہے ، وہیں پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے بھی اہم سمجھا جارہا ہے۔