شکارپور: صوبہ سندھ کے شہر شکارپور میں مسافرکوچ اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق شکارپور میں انڈس ہائی وے پر مسافر کوچ اور کار میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں کار میں سوار 3 خواتین سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب چمن بائی پاس روڈ پر تیز رفتار آئل ٹینکر دکان میں گھس گیا، حادثے میں دکاندار زخمی ہوگیا۔ حادثے میں ٹینکر میں موجود آئل بہہ گیا، دکان زمین بوس ہوگئی۔
یاد رہے کہ 9 جون کو صوبہ بلوچستان میں پسنی کوسٹل ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
کوئٹہ قومی شاہراہ پر ہولناک ٹریفک حادثہ، 13 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ 3 جون کو بلوچستان کے شہر ژوب میں کوئٹہ قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے قریب ٹرک اور وین میں آپس میں ٹکرا گئی تھی جس کے باعث تیرہ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، مسافر وین کوئٹہ سے ژوب آرہی تھی۔