تازہ ترین

دیر تک سونے سے جسمانی وزن میں کمی ہوگی، نئی تحقیق

امریکی ماہرین نے ورزش کی ساتھ ساتھ نیند کے دورانیے میں اضافے کو جسمانی وزن میں کمی قرار دے دیا۔

امریکا کی شکاگو یونیورسٹی میں جسمانی وزن سے متعلق ہونے والی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جن افراد کی نیند کا دورانیہ ساڑھے چھ گھنٹے سے زائد ہو ان کا وزن دیگر افراد کی نسبت کم ہوتا ہے اور دن بھر میں مجموعی کیلوریز کے استعمال میں اوسطاً 270 کیلوریز کی کمی آتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ماہرین کی جانب سے اس تحقیق میں 80 افراد کو شامل کیا گیا تھا، جن کی نیند کی ٹریکنگ ویئرایبلز کے ذریعے کی گئی اور دن بھر میں ورزش کے اوقات اور غذا کی مقدار کو بھی جانا گیا، جب کہ یہ تمام عمل تحقیق میں شامل افراد نے گھر میں رہ کر انجام دئیے۔

تحقیق کے 2 ہفتے کے دوران ہی غذا اور مشروبات کے ذریعے جزوبدن بنانے کی مقدار اس کیلوریز سے کم ہوگئی جو دن بھر میں جسم توانائی کے لیے جلاتا ہے اور طویل المیعاد بنیادوں پر یہ عمل جسمانی وزن میں کمی کا باعث بنتا ہے۔

تحقیق سے انکشاف ہوا کہ جب لوگوں میں نیند کی کمی پیدا ہونے لگتی ہے تو ان میں کھانے کا شوق بڑھ جاتا ہے جو زیادہ کیلوریز کو بدن کا جزو بناتا ہے اور موٹاپے کا باعث بنتا ہے۔

محققین نے کہا کہ کیلوریز کی مقدار میں آنے والی کمی کو 3 برسوں تک برقرار رکھا جائے تو وقت کے ساتھ جسمانی وزن میں 12 کلوگرام کی کمی آسکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک مصنوعات(موبائل، ٹی وی، کمپیوٹر وغیرہ وغیرہ) کے استعمال میں کمی نیند کے دورانیے کو بڑھانے کا باعث بن سکتا ہے۔

Comments

- Advertisement -