لاہور : حکومت پنجاب نے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ میں اضافے کے پیش نظر لاہور کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نافذ کردیا ، تمام مارکیٹس، دفاتر،ریستوران،آفس (سرکاری و پرائیویٹ) ان علاقوں میں بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویرینٹ بڑھ گیا، جس کے پیش نظر حکومت پنجاب کی ہدایات پر لاہور میں پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔
لاہور کے 13 علاقوں میں 12اگست 2021 تک آمد و رفت کنٹرولڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے 13علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا جارہا ہے، تمام مارکیٹس، دفاتر،ریستوران،آفس (سرکاری و پرائیویٹ) ان علاقوں میں بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تر مذہبی، ثقافتی، نجی و پرائیویٹ اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی، لاک ڈاؤن شدہ ایریاز میں صرف اشیاء ضروریہ سے متعلقہ کاروبار ، بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز میں صرف گروسری/فارمیسی سیکشن کھل سکیں گے۔
سرکاری دفاتر کے ملازمین کی متعقلہ ڈیپارٹمنٹ سے ڈیوٹی نوٹیفائی کی جائے تاہم جج صاحبان، وکلاء اور عدالتی عملہ ، صحت سے متعلقہ ادارے جیسے ہسپتال، کلینک، لیبارٹری اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار، ضروری اشیاء فراہم کرنے والے افراد کو بھی استثناء دیا گیاہے، صرف دو افراد مریض کے ساتھ جا سکیں گے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن زدہ علاقوں کے افراد صرف قریبی علاقوں سے گروسری اور ادویات لینے جا سکیں گے ، نماز جنازہ اور دیگر ضروری مذہبی رسومات کی تکمیل کی بھی اجازت ہو گی
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی ،گیس ، پانی غرض تمام یوٹیلٹی سروسز کے ادارے کھل سکیں گے اور کال سینٹرز کو صرف 50 فیصد عملہ کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ بینک صرف ضروری اسٹاف کے ساتھ کھل سکیں گے۔
جاری نوٹیفکیشن میں کہنا ہے کہ ریسٹورنٹس سے ہوم ڈلیوری کی سہولت جاری رہ سکے گی ، فری دسترخوان اور فلاحی ادارے کام کر سکیں گے اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے نامزد اخبار فروش اور میڈیا ورکرز کو کام کی اجازت ہوگی۔
متعلقہ ڈویژن کے کمشنر حسب ضرورت جس کاروبار اور سرگرمی کی اجازت دیں ، اس کے علاوہ لاہور کے تمام علاقے 30 جون 2021 کے آرڈرز کے تحت کھل سکیں گے۔