لاہور : بھارت سے آنے والی آلودگی نےلاہور ، بالائی پنجاب اور سرحدی اضلاع کی فضا زہریلی کردی، جس کی نشاندہی ناسا اور یورپی خلائی ایجنسی کے سیٹلائٹس سے بھی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاستوں میں پرالی جلانے اور فضائی آلودگی کے باعث بھارتی اسموگ پورے خطے کے لیے شدید خطرہ بن گئی ہے، جس نے پاکستان سمیت آس پاس کی تمام فضا کو خطرناک حد تک آلودہ کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے بتایا گیا کہ سرحد پار سے آنے والی شدید آلودگی نے لاہور، بالائی پنجاب اور پاکستان کے سرحدی اضلاع کی فضا کو انتہائی زہریلا بنا دیا ہے۔
بھارت کی جانب سے پھیلائی جانے والی اس فضائی آلودگی کی نشاندہی اب خلا میں موجود سیٹلائٹس سے بھی کی جا رہی ہے۔
بھارت کی فضائی آلودگی کی نشاندہی ناسا اور یورپی خلائی ایجنسی کے سیٹلائٹس سے بھی کی گئی ہے، آلودگی کے بادل خلا سے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
بھارتی پنجاب اور ہریانہ میں کسانوں کی جانب سے جلائی جانے والی پرالی سے اٹھنے والا زہریلا دھواں سب سے پہلے پاکستانی سرحدی علاقوں میں داخل ہوتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کی 7 ریاستوں میں پرالی جلانے کے 3,316 سے زائد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔
رپورٹ میں ایک سنسنی خیز انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی کسان سیٹلائٹ مانیٹرنگ اور حکومتی کارروائیوں سے بچنے کے لیے سہ پہر 3 بجے کے بعد فصلوں کو آگ لگاتے ہیں۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
نومبر کے آغاز میں بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 331 کی انتہائی خطرناک اور زہریلی حد تک جا پہنچا تھا۔
سرحدی ہوائیں چلنے کے باعث یہ زہریلی سموگ سرحد پار پاکستان کے شہروں بالخصوص لاہور، گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب اور دیگر سرحدی اضلاع میں داخل ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس تشویشناک سطح کو چھو رہا ہے اور شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور دیگر بیماریاں لاحق ہو رہی ہے۔


