لاہور: صوبائی وزیر ماحولیات پنجاب محمد رضوان کا کہنا ہے کہ اسموگ سیزن کا آغاز ہوچکا ہے، اسموگ کنٹرول کرنے والے ادارے یعنی ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ اور پولیس سمیت دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ماحولیات محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہمارے محکمے نے استعداد کار سے زیادہ کام کیا ہے، جن اضلاع میں ڈینگی کا خطرہ زیادہ تھا ان میں ڈینگی کی ٹیموں کو بڑھا دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر ماحولیات کا کہنا تھا کہ لاہور میں 9 ٹیمیں تھی جن کو بڑھا کر 16 کردیا گیا ہے۔ کچھ ترجیحات ہیں جو ہم نے واضح کی ہیں، ڈینگی مہم میں ہم سب نے بہت کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والا چیلنج اسموگ ہے، اس بار ترجیحات طے کی ہیں، کچھ پر سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کام کر رہے ہیں، اسموگ پر آگاہی کا آغاز کیا گیا ہے۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ اسموگ کنٹرول کرنے والے ادارے جن میں ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ اور پولیس سمیت دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، شجر کاری پر بھی کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سٹیل ملز اور بھٹہ مالکان سے مل کر انہیں آگاہ کیا جارہا ہے کہ پرانی ٹیکنالوجی پر اینٹوں کے بھٹے نہیں بن سکتے۔