اسلام آباد: سینیٹ میں وزیر مملکت برائے ماحولیات زرتاج گل کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب کا شہر لاہور اسموگ سے سب سے زیادہ متاثر ہے، اسموگ میں کمی کے لیے گاڑیوں کی آلودگی کم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں دھند اور اس کے اثرات کے بارے میں سینیٹر شیری رحمٰن نے سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا۔ شیر ی رحمٰن کا کہنا تھا کہ اسموگ انسانی صحت کے علاوہ ہماری معیشت متاثر کر رہا ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے بعد اب کراچی بھی متاثر ہو رہا ہے۔
سینیٹ میں وزیر مملکت برائے ماحولیات زرتاج گل کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب کا شہر لاہور سب سے زیادہ متاثر ہے، اسموگ بھارت سے آرہا ہے، تاہم ہم خود بھی ذمے دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فاضل مادوں اور فصلوں کو جلانے پر پابندی لگا دی ہے، گاڑیوں کی آلودگی کم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں بلین ٹری سونامی پر بھی کام کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ 2 برس سے زہریلی اسموگ نے صوبہ پنجاب کے کئی شہروں کو متاثر کر رکھا ہے تاہم رواں برس صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں بھی اسموگ دیکھی جارہی ہے۔
اسموگ سے نمٹنے کے لیے محکمہ ماحولیات نے اینٹوں کے بھٹوں کو 3 ماہ کے لیے عارضی طور پر بند کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔