بدھ, جون 17, 2026
اشتہار

ناران کے بلند ترین سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ پر برفباری کے سحر انگیز مناظر

اشتہار

حیرت انگیز

مانسہرہ : ناران کے بلند ترین سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ پر برفباری کے سحر انگیز مناظر دیکھنے کے لیے سیاحوں کا ہجوم امڈ آیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے میدانی علاقوں میں جہاں مئی کے مہینے میں شدید گرمی کا راج ہے، وہیں ناران کے بلند ترین سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ اور مضافات میں چوتھے روز بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

ہر سو سفیدی چھانے سے وادی کے حسن میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ برف میں ڈھکی جھیل لولوسر اور بابوسر ٹاپ سحر انگیز نظارے پیش کر رہے ہیں جن سے لطف اندوز ہونے کے لیے منچلے سیاحوں کی بڑی تعداد وہاں پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب چلاس اور دیامر کے بالائی پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، انتظامیہ کے مطابق برفباری کے باعث بابوسر شاہراہ کی بحالی کے کام میں شدید دشواری کا سامنا ہے اور بارشوں کے باعث اس سیاحتی شاہراہ کو مکمل بحال کرنے میں مزید 4 روز لگ سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں، شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہِ قراقرم دیامر اور کوہستان کے متعدد مقامات پر بند ہو گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہِ قراقرم اس وقت دیامر گوہر آباد میں ‘لال پڑی’ اور اپر کوہستان ‘چوچنگ’ کے مقام پر بلاک ہے، جس کی وجہ سے متعدد گاڑیاں اور مسافر پھنس چکے ہیں۔

ڈی ڈی ایم اے کے مطابق شاہراہ کی بحالی کے لیے بھاری مشینری روانہ کر دی گئی ہے جو راستے صاف کرنے میں مصروف ہے۔

+ posts

اہم ترین

مزید خبریں