پیر, مارچ 16, 2026
اشتہار

مری میں شدید برفباری کا سلسلہ تھم گیا اور دھوپ نکل آئی

اشتہار

حیرت انگیز

مری : مری گلیات میں شدید برفباری کاسلسلہ تھم گیا اور دھوپ نکل آئی ، جس کے سبب راستے جلد کھلنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مری اور گلیات میں شدید برفباری کا سلسلہ عارضی طور پر تھم گیا ہے، تاہم درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گرنے کے باعث ہر سو برف کی سفید چادر بچھی ہوئی ہے، برفباری رکنے کے بعد راستے کھلنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ مری کی تمام مرکزی سڑکوں سے برف صاف کر دی گئی ہے اور شاہراہیں کھول دی گئی ہیں، جبکہ شہر میں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ گزشتہ رات مری میں پانچ اعشاریہ پانچ انچ برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ مجموعی طور پر مری میں بیس انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ شدید برفباری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں برف سے ڈھک گئیں، تاہم شدید برفباری کے دوران انتظامیہ اور تمام محکموں نے تندہی سے فرائض انجام دیے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چھبیس اور ستائیس جنوری کو مری اور گلیات میں مزید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ الرٹ ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر گلیات میں برفباری کے باعث نتھیا گلی، ایوبیہ اور مری روڈ بند ہو گئی تھی، جہاں سڑکیں اور کھڑی گاڑیاں مکمل طور پر برف میں ڈھک گئیں۔ بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے بعد سیاح پھنس گئے جبکہ مقامی آبادی کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

برفباری کے باعث کئی علاقوں میں گزشتہ رات سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بعض مقامات پر انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی متاثر رہی۔

+ posts

اہم ترین

مزید خبریں