کوئٹہ (26 جنوری 2026): بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور برفباری کا ایک اور اسپیل داخل ہو گیا ہے، جب کہ مری اور گلیات میں برفباری کا چوتھا اسپیل چل پڑا ہے، جس پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
کوئٹہ، قلات، مستونگ، کان مہترزئی، مسلم باغ، چمن و دیگر اضلاع میں برفباری کا سلسلہ رات گئے شروع ہوا ہے، بارش اور برفباری کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برفباری کا دوسرا اسپیل آئندہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
موسمیات کے مطابق بارشوں سے پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس پر محکمہ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
مری، گلیات
موسمیات کے مطابق مری اور گلیات میں برفباری کا چوتھا اسپیل شروع ہو گیا ہے، آج شام اور کل رات تک مری میں برفباری اور طوفانی ہواؤں کا امکان ہے، ڈسٹرکٹ پولیس نے انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، ڈی پی او نے ہدایت کی ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ مری آنے والے شہری سیاح اپنے ساتھ ٹائرز کی چین لازمی رکھیں، گاڑی میں کھانے پینے کی اشیا سمیت گرم لباس، کمبل وغیرہ لازمی رکھیں، ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کی ٹیمیں مختلف مقامات پر تعینات ہیں، ٹریفک پولیس بھی مختلف پوائنٹس پر موجود ہیں
دوسری طرف پی ڈی ایم اے نے بھی کہا ہے کہ قومی شاہراہوں، کان مہترزئی، کوژک، لکپاس، زیارت روڈ سمیت مختلف مقامات پر برف ہٹانے والی ہیوی مشینری اور عملہ موجود ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


