لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اب تک7 ارب87 کروڑ روپےکی رقم مستحقین میں تقسیم کرچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ مستحق خاندانوں کی معاونت کا بڑا پروگرام ہماری حکومت نے دیا،اب تک 7 ارب87 کروڑ روپےکی رقم مستحقین میں تقسیم کرچکے،رقم 6 لاکھ 56 ہزار سے زائد خاندانوں میں تقسیم کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مالی امداد سی ایم امداد پیکیج،احساس پروگرام کے تحت دی گئی،مالی امداد کی تقسیم کا شفاف ترین نظام وضع کیاگیا۔
سردار عثمان نے کہا کہ حکومت حقدار کو اس کاحق پہنچا رہی ہے،ماضی میں ایسے پروگرام صرف ذاتی نمائش کے لیے شروع کیےگئے،سابق ادوار میں وسائل کی بندر بانٹ کر کے حقداروں کا حق مارا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی کی ہدایت
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں آئندہ مالی سال 21-2020 کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آئندہ مالی سال میں غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی اور مختلف سیکٹرز میں دی جانے والی سبسڈیز میں کمی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔