بدھ, نومبر 6, 2024
اشتہار

سوشل میڈیا وائرل: پھل فروش بچہ میڈیا کے سامنے پیش

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے پھل فروش بچے کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ فواد چوہدری آج لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے دورہ چین سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔ بریفنگ کے بعد انہوں نے محمد محسن کو میڈیا کےسامنے پیش کیا ۔

پانچویں جماعت کے طالب علم محمد محسن سے شیخوپورہ کے علاقے بتی چوک پر دھرنا مظاہرین نے کیلے لوٹےتھے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ محسن کو میڈیا نے ڈھونڈ نکالا تھا جس نے بتایا کہ میرے گدھا گاڑی بھگانے کے با وجود مظاہرین کیلے لوٹتے رہے تھے۔

- Advertisement -

فواد چوہدری کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بچے نے بتایا کہ وہ ان لوگوں کو نہیں جانتا جنہوں نے اس کے کیلے لوٹے تھے ۔ اس نے اس بات کی بھی تردید کی کہ اسے رقم دے کر پوری ریڑھی خریدی گئی تھی جیسا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک اور ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا تھا۔

پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کی جانب سے متاثرہ بچے کی 50 ہزار روپے امداد کر دی گئی ہے جبکہ میڈیا پر نوٹس ہونے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر شیخو پورہ فضائل مدثر بھی بچے کے گھر پہنچ گئے تھے ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بچے اور ان کے والد سے ملاقات کی اور 10 ہزار روپے دیے تھے۔

پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مسکراتے ہوئے بچے سے کہا کہ ’چلو اب پیسے مل گئے ، ان سے تم اور کیلے خرید لو‘، بچہ اپنے نقصان کا ازالہ ہونے پر انتہائی خوش اور مطمئن دکھائی دے رہا تھا۔

یاد رہے کہ محمد محسن پانچویں جماعت کا طالب علم ہے ، روز صبح اسکول جاتا ہے اور چھٹی کے بعد گدھا گاڑی پر پھل فروش کرکے اپنے گھر کا خرچہ چلانے میں گھر والوں کی مدد کرتا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں